ہراسانی کا شکار خواتین کی خودکشی

حیدرآباد۔/3فبروری، ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقوں میں پیش آئے دو علحدہ واقعات میں دو خواتین نے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانیوں سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔ ملکاجگیری پولیس کے مطابق 33سالہ زرینہ بیگم جو مولاعلی علاقہ کے ساکن قیوم کی بیوی تھی نے کل اپنے جسم کو آگ لگالی اور آج علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق چند ماہ سے اس خاتون کومبینہ طورپر شوہر اور سسرالی رشتہ دار ہراساں و پریشاں کررہے تھے۔ بالا نگر پولیس کے مطابق 26 سالہ سواتی جو بالا نگر علاقہ کے ساکن چندر شیکھر کی بیوی تھی دیڑھ سال قبل ان کی شادی ہوئی تھی اور چند ماہ سے اس خاتون کو مسلسل ہراسانی اور اذیت رسانی کا سامنا تھا۔ زائد جہیز کیلئے اس خاتون کا شوہر اسے ہراساں کررہا تھا جس سے تنگ آکر اس خاتون نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔