حیدرآباد /23 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ میں ایک دلسوز واقعہ پیش آیا جہاں شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانی سے تنگ آکر خاتون نے اپنے دو لڑکوں کا قتل کردیا اور خودکشی کرلی ۔ اس واقعہ کے بعد الوال اور سکندرآباد کے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 23 سالہ خاتون شراونتی نے آج اپنے دو بچوں 5 سالہ سمبھی ریڈی اور 2 سالہ لکشن ریڈی کو پانی سے میںمبینہ طور پر ڈھکیل کر انکا قتل کردیا اور بعد میں خود بھی اس پانی کے سمپ میں چھلانگ لگادی ۔ خاتون نے اس انتہائی اقدام سے قبل کھانے میں مبینہ زہریلی شئے کا استعمال کیا اور اس کے بعد بچوں کا قتل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شراونتی کی شادی 6 سال قبل وینکٹ ریڈی سے ہوئی تھی ۔ یہ لوگ وینکٹاپورم الوال کے ساکنان تھے ۔ الوال پولیس ذرائع کے مطابق خاتون نے انتہائی اقدام سے قبل اپنے والدین کو فون پر ایس ایم ایس کے ذریعہ پیغام یا اور اس کے بعد خودکشی کرلی ۔ اطلاع کے ساتھ ہی شراونتی کے والدین اس کے مکان پہونچ گئے ۔ شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ۔ الوال پولیس نے ابتدائی کارروائی کے بعد خاتون کے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کو تحویل میں لے لیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔