نئی دہلی ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہاکی ورلڈ لیگ کے دوسرے راونڈ میں کامیابی پر اپنے بلند حوصلوں کے ساتھ ہندوستانی ویمنس ہاکی ٹیم نیوزی لینڈ میں کل سے شروع ہونے والے ہاک بے کپ میں چین کے خلاف افتتاحی مقابلہ کیلئے تیار ہوگئی ہے۔ دونوں ہی ٹیمیں ایک اچھی اور مثبت شروعات کیلئے سرگرم ہیں، جس کے پیش نظر سخت مقابلہ کی توقع ہے۔ ہند اور چین ویمنس ہاکی ٹیمس کا آخری مقابلہ 2014ء کے ایشیائی کھیلوں میں ہوا تھا، جس میں ہندوستان کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست ہوگئی تھی۔ چین کے خلاف کامیابی پر توجہ مرکوز کرتیہ وئے ہندوستانی کپتان ریتورانی نے کہاکہ ’’ورلڈ کپ میں کامیابی نے اس ٹیم کو آئندہ ٹورنمنٹ کیلئے حوصلوں کو بلند کردیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’تمام کھلاڑیوں میں اچھا جذبہ ہے اور وہ حریفوں کے خلاف سخت مقابلے کیلئے تیار ہیں۔ علاوہ ازیں اپنی صلاحیتوں کے مظاہرہ کیلئے یہ ایک بہترین موقع ہے اور درکار بہتری لائی جائے گی جو ورلڈ لیگ سیمی فائنل راونڈ میں بہتر مظاہرہ کیلئے معاون ہوگی۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ کامیابی کے ساتھ اس ٹورنمنٹ کا آغاز کریں گے‘‘۔ ہاکی انڈیا میں اعلیٰ مظاہرہ کے ڈائرکٹر رونالٹ اولٹھا مس نے کہا ہیکہ کافی ریاض و مشقوں کے ذریعہ کھلاڑیوں نے خوب محنت کی ہے۔ ہماری ٹیم وقت کے ساتھ کافی مضبوط ہوتی ہے۔