l خطاب کی دوڑ میں موجود 16 ٹیمیں 4 پولز میں تقسیم
l پول سی میں ہندوستان،کنیڈا،بیلجیم اور افریقہ شامل
لوسین۔یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے ہاکی ورلڈ کپ 2018 کے شیڈول کا اعلان کردیا، ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جنھیں 4 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں ریو اولمپکس 2016 کی چیمپئن اور ورلڈ نمبر 2 ارجنٹینا، نمبر 9 نیوزی لینڈ، نمبر 8 اسپین اور نمبر 18فرانس کی ٹیمیں شامل ہیں۔پول بی میں عالمی نمبر ون آسٹریلیا، نمبر7 انگلینڈ، نمبر10آئرلینڈ اور نمبر 17چین، پول سی میں ورلڈ نمبر 3 بیلجیم کے ساتھ نمبر 6 ہندوستان، نمبر 11 کینیڈا اور نمبر 15جنوبی افریقہ کو رکھا گیا ہے جبکہ پول ڈی میں عالمی نمبر 4 نیدرلینڈ کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود دو مرتبہ کی ورلڈ چیمپئن جرمنی، نمبر 12ملائیشیا اور 13 ویں نمبر پر موجود ریکارڈ 4 عالمی خطابات کی فاتح پاکستان کی ٹیمیں شریک ہیں۔ ورلڈ کپ میں پول مرحلے میں 28 تا 9 نومبر تک ہر دن دو میچز کھیلے جائیں گے۔ایونٹ کے افتتاحی دن پول سی میں شین میکلوڈ کی قیادت میں بیلجیم اور کینیڈا کے مابین ہوگا، دوسرے میچ میں میزبان ہندوستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے مقرر ہے۔پاکستان کا پہلا مقابلہ یکم دسمبر کو جرمنی سے ہوگا، 2 دسمبر کو ہندوستان اور بیلجیم کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، انگلینڈ اور آسٹریلیا 4 دسمبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔ہر پول میں سرفہرست ٹیمیں کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلیں گی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ٹیموں کو 10 اور 11 دسمبر کو فی کس ایک میچ مزید کھیلنا ہوگا۔کوارٹر فائنلز 12 اور 13 دسمبر کو کھیلے جائیں گے، 14 دسمبر کو آرام کا دن ہوگا جبکہ 15 دسمبر کو سیمی فائنلز مقرر ہیں۔ فیصلہ کن معرکہ 16 دسمبر کو ہوگا جبکہ اسی دن سیمی فائنلز میں شکست برداشت کرنے والی ٹیموں کے مابین برونز میڈل کیلیے میچ بھی ہوگا۔میگا ایونٹ رواں سال 28 نومبر تا 16 دسمبر کالنگا اسٹیڈیم بھونیشور میں ہوگا۔ میدانوں میں تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، ورلڈ کپ میں میزبان ہندوستان کے علاوہ گزشتہ سال لندن اور جوہانسبرگ میں کھیلے گئے ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلز کے ذریعہ رسائی کرنے والی اور براعظمی چیمپئنز ٹیمیں شامل ہیں۔