ہاکی لیگ : ارجنٹنا کو شکست دیکر جرمنی ساتویں مقام پر

نئی دہلی ۔ 18 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دنیا کی عظیم جرمن ٹیم نے ہیرو ہاکی ورلڈ لیگ کے پہلے مرحلے میں مایوس کن طورپر ساتواں مقام حاصل کیا ہے ۔ جرمنی موجودہ اولمپک چمپین ہے ۔ جرمن ٹیم نے آج میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہیرو ہاکی ورلڈ لیگ فائنل کے پلے آف میچ میں ارجنٹینا کو 2-1سے شکست دی ۔ جرمن ٹیم کوارٹر فائنل میں نیدرلینڈ سے شکست کھا گئی تھی ۔ اس کے بعد اُس نے ہندوستان کے ساتھ پانچویں مقام کا پلے آف میچ کھیلا جس میں اُسے 4-5 سے شکست حاصل ہوئی ۔ ہندوستان کی جانب سے مندیپ سنگھ نے 3 گول کئے ۔ گروپ سطح کے مقابلوں میںاب تک جرمن ٹیم کو صرف دو کامیابیاں ملی ہیں ۔ اس نے اپنے پہلے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی ۔ اُس کے بعد اُسے نیدرلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ ہندوستان نے اُسے آخری میچ میں برابری پر مجبور کیا تھا ۔ جرمن ٹیم کے لئے بنجامن ویسٹ نے 22 ویں اور ٹوبائیس مٹانیان نے 60 ویں منٹ میں گول کئے ۔

نصف کھیل تک ارجنٹینا اور جرمنی 1-1 کی برابری پر تھے ۔ ارجنٹینا کی جانب سے 16 ویں منٹ میں فاکوندو کالیونی نے گول کیا تھا ۔ ارجنٹینا کے لئے ٹورنمنٹ میں اٹھواں مقام حاصل کرنا مایوس کن رہا کیونکہ دنیا کی 11 ویں نمبر پر فائز ٹیم نے گروپ سطح پر نیدرلینڈ کو 5-2 سے اور بلجیم کو 3-2 سے شکست دیا تھا ۔ نیدرلینڈ تیسری ، بلجیم پانچویں سیڈیڈ ٹیمیں ہیں۔ کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 4-3 سے شکست ہوئی تھی ۔ مقررہ وقت کے ختم ہونے کے بعد دونوں ٹیمیں 1-1 کی برابری پر تھیں۔ اُس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ سے ہوا تھا ۔ اس کے بعد پانچویں مقام کے پلے آف میچ میں ارجنٹینا کی ٹیم بلجیم سے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 1-3 سے شکست کھاگئی ۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں 1-1 سے برابر تھیں۔ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 7-6 سے شکست دیتے ہوئے اُس کی لگاتار کامیابیوں کے سلسلے کو ختم کیا ۔