کینبرا 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اوپنر ہاشم آملہ نے اپنے ونڈے کرئیر کی 18 ویں سنچری اسکور کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف یہاں منعقدہ تیسرے ونڈے میں کامیابی سے ہمکنار نہ کرسکے۔ حالانکہ 330 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کو ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈیکاک نے بہتر شروعات فراہم کرتے ہوئے 18 اوورس میں پہلی وکٹ کے لئے 108 رنز کی پارٹنرشپ دی تھی۔ آملہ نے 115 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 102 رنز اسکور کئے جبکہ ڈیکاک نے 53 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 47 رنز اسکور کئے۔ کپتان اے بی ڈی ولیئرس محض 34 گیندوں میں 52 رنز اسکور کئے جس میں 6 چوکے اور ایک چھکہ شامل ہے لیکن اِن کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر کوئی بیٹسمین قابل ذکر اسکور نہیں کرپایا۔ جیسا کہ فاف ڈوپلیسی نے 17 رنز کے ذریعہ چوتھی بہترین انفرادی اننگز کھیلی۔
44.3 اوورس میں 256 رنز پر جب مہمان ٹیم نے اپنی نویں وکٹ گنوادی تو اِسے شکست بھی برداشت کرنی پڑی کیونکہ اِس کے لیگ اسپنر عمران طاہر زخمی ہونے کی وجہ سے بیاٹنگ نہیں کروائے۔ آسٹریلیا نے تیسرے ونڈے میں 73 رنز کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پانچ مقابلوں کی سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ ہاشم آملہ کی سنچری کے علاوہ آسٹریلیائی بولروں کو کبھی بھی مقابلہ کے دوران مہمان بیٹسمنوں کی جانب سے کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے آرون فنچ کی سنچری اور میان آف دی میچ اسٹیون اسمتھ کی کافی اختراعی اور متاثرکن نصف سنچری کی بدولت 329/5 رنز اسکور کئے۔ فنچ نے 127 گیندوں میں 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 109 رنز اسکور کرنے کے علاوہ ساتھی اوپنر ڈیوڈ وارنر (53) کے ہمراہ پہلی وکٹ کے لئے 118 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔ اسمتھ نے 55 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے غیر مفتوح 73 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اِن کی اننگز غیر معمولی صلاحیتوں اور تفریح کا بہترین مرکب تھا۔ آسٹریلیا کی کامیابی میں مچل اسٹارک 32/4 اور ہیزل ووڈ 51/3 کا کلیدی رول رہا۔