کوڑنگل ۔ 6 ۔ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ان دنوں مستقر کوڑنگل میں واقع ہاسٹلس زبوں حالی کا شکار ہوچکے ہیں ۔ جس سے طلباء عاجز آچکے ہیں ۔ ایس سی اور بی سی طلباء و طالبات کیلئے علحدہ ہاسٹلس چلائے جارہے ہیں ۔ جن میں تقریباً دو ہزار طلباء و طالبات رہائش پذیر رہتے ہوئے مختلف سرکاری و خانگی مدارس میں زیرتعلیم ہیں ۔ جونیر کالج میں زیرتعلیم طالبات کو بھی مستفید ہونے کا موقع دیا جارہا ہے ۔ مگر عدم سہولت کی وجہ سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ منڈل میں بیشتر ہاسٹلوں میں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں ۔ یس سی ہاسٹل برائے طالبات میں چھت بوسیدہ ہوچکی ہے ۔ جو کسی بھی وقت بڑے حادثہ کا پیش خیمہ ہے ۔ ہاسٹلوں میںخنزیروں کی آزادانہ نقل و حرکت تو عام بات ہوگئی ہے ۔ طالبات کے بی سی ہاسٹل میں بیت الخلا کے دروازے نہیں کے برابر ہوگئے ہیں ۔ پانی کی شدید قلت پائی جاتی ہے ۔ یس ٹی بوائز ہاسٹل میں دروازے ، کھڑکیاں ٹھیک نہ ہونے سے طلباء مشکلات میں گھرے ہوتے ہیں ۔ مناسب اسٹاف و عہدہ داران کی مستقر پر عدم موجودگی سے بھی طلباء عاجزآچکے ہیں ۔