ہاتھی کے دانت کی نادر اشیاء کی فروخت، دو گرفتار

حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) میر چوک پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا جو ہاتھی کے دانت سے تیار کردہ نادر اشیاء فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ ڈیٹکٹیو انسپکٹر میر چوک مسٹر نارائن ریڈی نے بتایا کہ 37سالہ نرسیا جو علاقہ سکندرآباد میں مٹھائی کی دکان چلاتا ہے وہ اپنے دوست سرینواس ریڈی کو ایک لاکھ روپئے قرض دیا تھا لیکن اس کا دوست ادائیگی ناکام رہا۔ نرسیا کی جانب سے قرض لوٹانے کے مسلسل دباؤ پر سرینواس ریڈی نے اپنے مکان میں موجود 20 لاکھ مالیتی ہاتھی کے دانت سے تیار کردہ اشیاء بطور ضمانت حوالے کی تھی۔ کچھ عرصہ بعد نرسیا نے سرینواس ریڈی سے ربط پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن اس کا پتہ نہ چل سکا۔ نرسیا نے کاروبار میں نقصان ہونے کے سبب اپنے ایک اور دوست سے 6 لاکھ روپئے کا قرض حاصل کیا اور وہ اسے ادا نہ کرسکا۔ نرسیا نے اپنے دوست گریش ریڈی کو قرض کی رقم ادا کرنے کیلئے سرینواس ریڈی کی جانب سے رکھوائے گئے ہاتھی کے دانت کی اشیاء فروخت کرکے اپنی معاشی حالت سدھارنے کا منصوبہ تیار کیا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر میر چوک پولیس کی ایک ٹیم نے مذکورہ دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے ہاتھی کے دانتوں سے تیار کردہ نادر اشیاء برآمد کرلیا۔ پولیس نے ضبط شدہ اشیاء کے معائنہ کیلئے محکمہ جنگلات اور وائیلڈ لائف کے عہدیداروں سے ربط کیا ہے۔ گرفتار شدہ ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔