ہاتھوں کے حسن کو چار چاند لگاتی انگوٹھیاں

ہر دور میں مختلف ڈیزائنز کی انگوٹھیاں خواتین میں مقبول رہی ہیں۔ پتھر اور نگینہ کی انگوٹھیاںفیروزہ، عقیق، زمرد اور یاقوت کی سونے اور چاندی کی انگوٹھیاں انگلیوں میں بہت خوبصورت نظر آتی ہیں۔
مصنوعی انگوٹھیاں خواتین میں زیادہ مقبول ہوتی جارہی ہیں۔ ایک زمانے میں شیشے اور پلاسٹک کے چھلے بہت عام تھے۔ خواتین ایک انگلی میں کئی کئی رنگ کے چھلے پہنتی تھیں جو کپڑوں کے ہم رنگ ہوتے تھے لیکن ان میں پائیداری نہیں ہوتی تھی۔ اسٹین لیس اسٹیل کی انگوٹھیاں کی خاص بات یہ ہے کہ ان کی رنگت کئی برس تک خراب نہیں ہوتی۔ انگلیوں کی ساخت کے اعتبار سے اگر انگوٹھیاں پہنی جائیں تو ہاتھوں کی خوبصورتی کو چار چاند لگ جاتے ہیں۔ نازک انگلیوں میں بڑی نہیں بلکہ نازک انگوٹھیاں ہی اچھی لگتی ہیں۔ اسی طرح موٹی انگلیوں میں اگر نازک چھلے پہنے جائیں تو ان کا پہننا نہ پہننا برابر لگتا ہے۔ درمیانی سائز کی انگلیوں میں ہر قسم کی انگوٹھیاں پہنی جاسکتی ہیں۔ لمبائی کے رُخ کی انگوٹھیاں ہر طرح کی انگلیوں میں اچھی لگتی ہیں لیکن ان کو کم ہی خواتین پسند کرتی ہیں۔