ہائی ٹیک سٹی کو جلد ہی ترقی دینے کا عزم

سڑک اور واٹر سپلائی پائپ لائن کیلئے سنگ بنیاد ، کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( این ایس ایس ) : وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے آج اس بات کا اعادہ کیا کہ حیدرآباد کے لیے بہترین انفراسٹرکچر اور سہولتوں کے ساتھ ایک بین الاقوامی شہر بننے کے تمام مواقع ہیں ۔ کے ٹی آر یہاں ایک پروگرام میں شہر کو کرشنا کا پانی لانے کے لیے تیسرے مرحلہ کے کاموں اور سڑکوں کی بلیک ٹاپنگ کے کاموں کے لیے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد بہترین سہولتوں جیسے آئی ٹی کمپنیوں اور دوسروں کے لیے پانی ، برقی ، سڑکیں ، سیوریج اور دیگر سہولتوں کے ساتھ ایک عالمی درجہ کا شہر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ مادھا پور میں 25 کروڑ روپئے لاگت سے واٹر پائپ لائن بنائی جائے گی جو رائے درگم اور مادھا پور کو جوڑے گی اور پانی کی سہولت میں اضافہ ہوگا ۔ 16 کروڑ روپئے لاگت سے سڑکوں کی ری کارپٹنگ کے کام کو شروع کیا جائے گا ۔ ہائی ٹیک سٹی اور مادھا پور علاقوں کو جلد ہی ترقی دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے شہر میں بین الاقوامی معیار کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا تہیہ کیا ہے ۔ مادھا پور علاقہ میں کوئی 400 دنیا بھر میں مشہور آئی ٹی کمپنیاں ہیں جن سے لاکھوں افراد کو روزگار حاصل ہورہا ہے ۔