نئی دہلی، 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے ہانگ کانگ میں ایشیائی یوتھ ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں 8 گولڈ، 9 سلور اور 9 برونز سمیت کل 26 میڈلس جیت کر میڈل ٹیبل میں چین کے بعد دوسرا مقام حاصل کیا۔ چین 12 گولڈ، 11 سلور اور 8 برونز سمیت 31میڈلس جیت کر ٹیبل میں سرفہرست جگہ پر رہا۔ہندستان نے مقابلہ کے آخری دن لڑکوں کی میڈلے ریلے مقابلے میں گولڈمیڈل حاصل کیا۔ ہندستانی چوکڑی نے 1: 54.04 وقت لیا۔ سری لنکا کو سلور اور چین کو برونز ملا۔ ہندستانی لڑکیوں کی ٹیم نے 2: 10.87 کا وقت لے کر سلور کا میڈل جیتا۔ چین نے گولڈاور قازقستان نے برونز کا میڈل جیتا۔لڑکوں کے شاٹ پٹ فائنل میں امندیپ سنگھ نے 19.09 میٹر کی تھرو کے ساتھ سلور جیتا۔ مہیش بابو نے 800 میٹر میں 1: 51.48 کا وقت لے کر سلور حاصل کیا جبکہ شمگا نالبوتھ نے 200 میٹر دوڑ میں 21.87 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ سلور اپنے نام کیا۔اونتیکا سنتوش نرالے نے لڑکیوں کے 200 میٹر فائنل میں 24.20 سیکنڈ کا وقت لے کر سلور جیتا۔ اونتیکا اس سے پہلے 100 میٹر میں گولڈمیڈل جیت چکی ہیں۔ دپتی کو 200 میٹر میں 24.78 سیکنڈ میں برونز ملا۔لڑکیوں کی 800 میٹر دوڑ میں پوجا نے 2: 09.03 وقت کیساتھ سلور اور امت جاگڑ نے لڑکوں کی 3000 میٹر مقابلے میں 8: 36.34 وقت نکال کر سلور حاصل کیا۔ چتھني چندرن نے لڑکیوں کی 1500 میٹر ریس میں 4: 36.09 وقت نکال کر برونز جیتا۔