حیدرآباد 2 فروری ( سیاست نیوز ) گزشتہ سال اگست میں تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر کے شاد نگر ٹاون میں انکاونٹر میں ہلاک گینگسٹر نعیم کی پولیس افسروں کے ساتھ تصاویر سامنے آئی ہیں ۔ حیدرآباد ہائی کورٹ میں پیش کردہ اپنی رپورٹ میں تلنگانہ حکومت نے کہا تھا کہ گینگسٹر نعیم کے ساتھ سیاسی لیڈروں اور پولیس افسروں کے کوئی تعلقات نہیں ہیں ۔ تاہم میڈیا میں آئی بعض تصاویر میں دکھایا گیا کہ پولیس افسرنعیم کے ساتھ کھانا کھارہے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ میں واقع ایک ریزاٹ میں پولیس افسرنعیم کے ساتھ دیکھے گئے ہیں۔ نعیم معاملہ کی جانچ کررہی ایس آئی ٹی نے بتایا جاتا ہے کہ نعیم کے ساتھ 16 پولیس افسروں کے تعلقات کی نشاندہی کی ہے ۔ یہ تصاویر بعض تلگوٹی وی چینلس میں دکھائی گئی اور بعض تلگو نیوز ویب سائٹس میں بھی ان تصاویر کو اپ لوڈ کیا گیا ہے ۔یہ تصاویر سوشیل میڈیا پر بھی تیزی سے عام ہوگئیں۔