گیل کے نام ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ

ناٹنگھم ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے ’’یونیورس باس‘‘ کرس گیل نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ وہ ورلڈکپ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹسمین بن گئے۔ دھماکو بیٹسمین نے پاکستان کے خلاف دھواں دھار اننگز میں 34 گیندوں پر تین چھکوں اورچھ باونڈریز کی مدد سے 50 رنز اسکور کیے۔ ان کے میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر 27میچز میں چھکوں کی تعداد 40 ہوگئی ہے۔ انہوں نے اس فہرست میں جنوبی افریقی سابق قائد ابراہم ڈیویلیئرزکو پیچھے چھوڑدیا جنہوں نے 23 میچز میں37 چھکے لگائے ۔ تیسرے نمبر پر 46 میچز میں 31 چھکوں کے ساتھ سابق کپتان رکی پونٹنگ ہیں۔ چوتھے مقام پر 34 میچز میں 29 چھکوں کے ساتھ برنڈن مکالم ہیں۔ سچن تنڈولکر اور سری لنکا کے سنت جے سوریا فی کس27کے ساتھ مشترکہ طور پر پانچویں مقام پر فائز ہیں۔