گیل کی ڈبل سنچری ،زمبابوے کو 73 رنز سے شکست

کینبرا۔ 24 فبروری(سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے جارحانہ اوپنر کریس گیل نے آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی اور ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پول بی کے اپنے مقابلے میں زمبابوے کے خلاف 372/2 رنز بناتے ہوئے حریف ٹیم کو 43.4 اوورس میں 289 رنز تک محدود رکھا اور مقابلے میں 73 رنز کی کامیابی حاصل کرلی۔ زمبابوے کو مقابلے میں تاخیر کی وجہ سے 48 اوورس میں کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ پر نظرثانی کرتے ہوئے 363 رنز کا اسکور دیا گیا تھا۔ اس مقابلے کی اہم بات گیل کی ڈبل سنچری رہی جیسا کہ ویسٹ انڈیز کو مقابلے کے آغاز میں دوسری ہی گیند پر اوپنر ڈیون اسمتھ (0) کا نقصان برداشت کرنا پڑا لیکن اس کے بعد گیل اور مارلون سامیوئلس نے دوسری وکٹ کیلئے ریکارڈ 372 رنز اسکور کئے۔ گیل نے 147 گیندوں میں 10 چوکوں اور 16 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 215 رنز اسکور کئے اور اننگز کی آخری گیند پر چکمبورا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ریکارڈ اننگز کے دوران گیل نے روہت شرما کی جانب سے 16 چھکوں کے عالمی ریکارڈ کو بھی مساوی کرلیا۔ گیل نے قبل ازیں ورلڈ کپ میں اعظم ترین انفرادی اسکور بنانے والے جنوبی آفریقی سابق اوپنر گیری کرسٹن کی جانب سے 188 ناٹ آؤٹ کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں زمبابوے نے بھی قابل ستائش مظاہرہ کیا جیسا کہ حریف ٹیم کے بیٹسمنوں نے 6.49 کی اوسط سے رنز بنائے جس میں شان ولیمس نے 61 گیندوں میں 76 رنز اور گریک ایرون نے 41 گیندوں میں 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کیلئے جیرم ٹیلر اور جیسن ہولڈر نے فی کس 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ’’مین آف دی میچ‘‘ گیل نے 35 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹسٹ میں ٹرپل، ونڈے میں ڈبل اور ٹوئنٹی 20 میں سنچری کا ریکارڈ
ویسٹ انڈیز کے بائیں ہاتھ کے اوپر کریس گیل جنہوں نے آج یہاں زمبابوے کے خلاف ریکارڈ 215 رنز کی جو ریکارڈ اننگز کھیلی وہ نہ صرف ورلڈ کپ کی پہلی ڈبل سنچری ہے بلکہ ہندوستانی کھلاڑیوں کے بعد کسی دوسری ٹیم کے کھلاڑی کی جانب سے بنائی جانے والی پہلی ڈبل سنچری ہے۔ 147 گیندوں میں 10 چوکوں اور 16 چھکوں پر مشتمل گیل کی یہ اننگز ونڈے کرکٹ اور آئی سی سی ورلڈ کپ کے کئی ریکارڈس کی حامل ہونے کے علاوہ خود گیل کے لئے ایک انفرادی کارنامہ ہے جیسا کہ بائیں ہاتھ کے اس 35 سالہ جارحانہ بیٹسمین نے ونڈے کی اپنی اس ڈبل سنچری کے ذریعہ ٹسٹ میں ٹرپل ، ونڈے میں ڈبل اور ٹوئنٹی 20 میں سنچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں ساتھی کھلاڑی مارلون سامیوئلس کے ہمراہ 372 رنز کی دوسری وکٹ کیلئے پارٹنرشپ بھی ونڈے کی ریکارڈ پارٹنرشپ ہے۔ گیل نے اس شاندار مظاہرہ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان پر بہتر مظاہرہ کیلئے جس طرح کا دباؤ اس وقت تھا، ویسا دباؤ انہوں نے اپنے کریر میں کبھی محسوس نہیں کیا تھا۔