گیل جیسے کھلاڑیوں کا چیلنج پسند : اشون

پرتھ۔5مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر روی چندرن اشون کو سخت مسابقتی کھیل کافی پسند ہے‘ یہی وجہ ہے کہ کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے اوپنر کریس گیل کے چیلنج کیلئے وہ تیار ہیں ۔ اشون نے مقابلہ سے قبل یہاںمنعقدہ پریس کانفرنس میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف گیل ہی نہیں بلکہ دنیائے کرکٹ کے ایسے کسی بھی بیٹسمین کے خلاف انہیںچیلنج پسند ہیں جو کہ جارحانہ کھیل کے لئے مشہور ہے ۔ اشون کے بموجب وہ ہمیشہ وکٹ کے حصول کیلئے گیند ڈالتے ہیں اور جو بیٹسمین خطرناک تصور کیا جاتا ہے اس کی وکٹ حاصل کرنا ان کیلئے کافی پسندیدہ مشغلہ ہے ۔ اشون نے مزید کہا کہ وہ مقابلہ کے درمیان خود کو پیش کرناچاہتے ہیں اور دیکھنا چاہتے ہیں کہ اُس مقابلہ میں وہ ٹیم کیلئے کتنا اہم رول ادا کرسکتے ہیں ۔ کریس گیل ہوں کہ اے بی ڈی ویلئرس یا اس طرح کا کوئی اور بیٹسمین میں انہیں درمیانی اوور میں آؤٹ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے کا خواہاں ہوتا ہوں ۔ تاحال 8وکٹوں کے حصول کیلئے اشون نے ورلڈ کپ کا بہترین آغاز کیا ہے ۔ اس ضمن میں ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مظاہروں سے مطمئن ہیں کیونکہ انہیں وکٹیں مل رہی ہیں ۔ شاندار مظاہروں کی بدولت اعتماد میں اضافہ بھی ہوا ہے ۔ اشون نے اعتراف کیا ہے کہ جب وہ محسوس کرتے تھے کہ بہتر بولنگ کررہے ہیں لیکن گذشتہ 10ماہ یا ایک سال کے عرصہ میں انہوں نے محسوس کیا ہے کہ معیار کومزید بلند کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ آئے دن نئے چیلنجس کا سامنا رہتا ہے ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے کی تیاری کا حوالہ دیتے ہوئے اشون نے کہا کہ جہاں تک تیاری کا تعلق ہے تو یہ ایک اور مقابلہ ہوگاجس کیلئے ہم عام طور پر جو تیاری کرتے ہیں وہی تیاری کی ہے ۔