گیلانی کا دعویٰ شرپسندانہ:بی جے پی

نئی دہلی ۔ 19 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی نے کشمیری علحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ہے ۔ جنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ نریندر مودی نے مسئلہ کشمیر پر ان سے ملاقات کی خواہش کے ساتھ اپنے دو قاصدوں کو روانہ کیا تھا ۔ بی جے پی کے ایک ترجمان روی شنکر پرساد نے گیلانی کے دعویٰ کو بے بنیاد اور شرپسندانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا کہ چیف منسٹر گجرات کے کسی بھی نمائندہ نے گیلانی سے کبھی کوئی ملاقات نہیں کی ۔

پرساد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’ گیلانی سے ہم یہ مطالبہ کرنا چاہیں گے کہ وہ غلط اور بے بنیاد بیان کی اجرائی پر معذرت خواہی کریں ‘ ۔ گیلانی نے گذشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ 22 مارچ کو جب وہ اپنے علاج کے لیے دہلی میں تھے نریندر مودی کے دو قاصد ان ( مودی ) سے ملاقات کی خواہش کے ساتھ ان سے رجوع ہوئے تھے لیکن انہوں نے مودی کی آر ایس ایس سے وابستگی کے تناظر کا حوالہ دیتے ہوئے ملاقات کی خواہش کو مسترد کردیا تھا ۔ روی شنکر پرساد نے کہا کہ ’ بی جے پی یہ وضاحت کرنا چاہتی ہے کہ گیلانی کا دعویٰ بالکلیہ طور پر بے بنیاد ، شرپسندانہ ہے جو بی جے پی کے خلاف ذہنی تحفظات پر مبنی ہے ۔