گیس سلینڈر دھماکہ ، شیرخوار ہلاک

وشاکھاپٹنم 9 ڈسمبر (پی ٹی آئی) ایل پی جی گیس سلینڈر پھٹنے کے نتیجہ میں 2 ماہ کی شیرخوار ہلاک اور 15 افراد بشمول بچے بُری طرح جھلس گئے۔ یہ واقعہ گنجان آبادی کے حامل رنگی ریجو اسٹریٹ علاقہ میں پیش آیا۔ 4 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے اور دھماکہ کی وجہ سے اطراف کے مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس نے بتایا کہ کے ستیہ نارائنا نامی شخص کے گھر میں لوگ گیاس سلینڈر کو درست کررہے تھے کیونکہ دو دن سے گیس خارج ہورہی تھی۔ ستیہ نارائنا کی بیوی بجی نے درستگی کے لئے سوری بابو نامی شخص کو گھر بلایا اور اُس نے جیسے ہی ریگولیٹر کو سلینڈر سے مربوط کیا، کچن کے الیکٹریکل فٹنگ میں آگ کا شعلہ بھڑک اُٹھا اور زوردار دھماکہ ہوگیا۔ سارا کچن دھماکہ کی آواز سے پھٹ پڑا اور دیوار کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔