گیارہ لاکھ ایکر اراضی کو پانی مہیا کرنے کا منصوبہ

محبوب نگر /8 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پالموریفٹ اریگیشن اسکیم کے ذریعہ ضلع کو 11 لاکھ ایکر اراضی کو کاشت کیلئے پانی مہیا کرنے کا منصوبہ مکمل کرنے کے عزم کے ساتھ ریاستی وزیر اعلی کے سی آر مصروف ہیں ۔ لفٹ اریگیشن کیلئے ضلعی قائدین کے سی آر کے ساتھ تعاون کریں ۔ ان خیالات کا اظہار اے پی جتیندر ریڈی ایم پی محبوب نگر نے منگل کے دن مستقر محبوب نگر کے گائتری فنکشن ہال میں منعقدہ پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل کے سی آر نے جو بھی وعدے عوام سے کئے تھے وہ بہرحال پورے کئے جائیں گے ۔ پہلی ہی کابینہ میں 43 اسکیمات کو منظور کراتے ہوئے کے سی آر نے ایک ریکارڈ بنایا ہے ۔ جلسہ کی صدارت وٹھل راؤ آریہ صدر ضلع ٹی آر ایس نے کی ۔ جتیندر ریڈی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ موجودہ برقی بحران اور کٹوتی کی ذمہ دار کانگریس ہی ہے ۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ 11 اکٹوبر کو منعقد ہونے والے پلینری اور 12 اکٹوبر کو جلسہ عام میں بھاری تعداد میں شرکت کریں ۔ مقامی ایم ایل اے وی سرینواس گوڑ نے کہا کہ گذشتہ 60 برس سے تلنگانہ کے وسائل اور آمدنی کو ہڑپنے والے قائدین اب بھی خاموش نہیں ہیں اور تلنگانہ کے خلاف ان کی سازشیں جاری ہیں ۔ کسانوں کو قرضہ جات کی معافی کا حکومت نے جو بیڑہ اٹھایا ہے وہ 25 فیصد مکمل ہوچکا ہے ۔ جوپلی کرشنا راؤ ایم ا یل اے کولاپور نے خطاب میں کہا کہ حکومت مکئی کی خریداری کیلئے ایک مناسب دام مقرر کرتے ہوئے خریداری کے مراکز بنارہی ہے ۔ انہوں نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ جلد بازی میں مکئی کو کم داموں میں فروخت نہ کریں ۔ بلکہ اس کے مقررہ مراکز پر ہی فروخت کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پھلی کے بیج بھی کسانوں کو وافر مقرار میں سربراہ کئے جارہے ہیں ۔ اے وینکٹیشور ریڈی ایم ایل ایدیورکدرہ نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کو 480 کروڑ روپئے ان پٹ سبسیڈی منطور کرچکی ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ضلع کے بڑے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر جلد مکمل کرلی جائے گی ۔ نرنجن ریڈی ٹی آر ایس پولیٹ بیورو ممبر نے ڈی کے ارونا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بتکماں میں اُن کا حصہ نہ لینا کیا معنی رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی کے ارونا کو ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے ضلع پریشد چیرمین بی بھاسکر ، جگدیشور ریڈی ، گروناتھ ریڈی ، یلاریڈی ، جناردھن ریڈی ، جی بالراج ، انجیا یادو اور دیگر نے مخاطب کیا ۔