گہلوٹ ۔ راہول ملاقات، راجستھان میں قلمدانوں کی تقسیم ملتوی

قلمدانوں کی تقسیم پر گہلوٹ اور پائلٹ میں اختلافات ، سینئر کانگریس قائدین برہم
نئی دہلی ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ نے صدر کانگریس راہول گاندھی سے آج نئی دہلی میں ملاقات کی۔ اطلاعات کے بموجب اشوک گہلوٹ اور سچن پائلٹ کے درمیان قلمدانوں کی تقسیم کے سلسلہ میں اتفاق رائے پیدا نہیں ہوسکا۔ یہ مسئلہ سمجھا جاتا ہیکہ اس اجلاس کا موضوع گفتگو تھا۔ تمام اہم قلمدانوں کی تقسیم ملتوی کردی گئی ہے کیونکہ گہلوٹ اور سچن پائلٹ کے درمیان وزارت داخلہ اور وزارت فینانس کے قلمدانوں کی تقسیم کے سلسلہ میں اتفاق رائے پیدا نہ ہوسکا۔ گہلوٹ، پانڈے اور وینو گوپال بھی سمجھا جاتا ہیکہ قبل ازیں دیڑھ گھنٹہ طویل اجلاس 15 گردوارہ رکاب گنج روڈ پر منعقد کرچکے ہیں جو پارٹی کا دفتر ہے۔ پیر کے دن 23 وزراء بشمول 13 کابینی اور 10 وزرائے مملکت نے گورنر راجستھان کلیان سنگھ کے ہاتھوں حلف اٹھایا تھا ان میں اشوک گہلوٹ اور سچن پائلٹ بھی شامل تھے۔ 18 نئے چہرے ریاستی کابینہ میں شامل کئے گئے ہیں حالانکہ سی پی جوشی اور دیپندر گھوش جیسے سینئر قائدین تقریب حلف برداری میں شریک نہیں تھے۔ ایک دن بعد صدر پردیش راجستھان کانگریس سچن پائلٹ اور ان کے ساتھیوں نے عنقریب کابینہ میں توسیع کا بیان دیتے ہوئے کہا کہ کئی قائدین کو کام دیا جائے گا۔ یہ بیان سینئر کانگریس قائدین کے درمیان بڑھتی ہوئی ناراضگی کی وجہ سے دیا گیا ہے۔ کانگریس کے سینئر قائدین اس لئے برہم ہیکہ انہیں اہم وزارتی قلمدانوں سے تشکیل حکومت کے موقع پر محروم کردیا گیا ہے۔