نئی دہلی۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان رائلس کے نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین سنجیو سامسن کی حیدرآباد کیخلاف شاندار سنچری کے بعد کرکٹر سے بی جے پی کے امیدوار بننے والے سابق اوپنر گوتم گمبھیر نے کہا کہ سنجیو ہندوستان کے سب سے بہترین وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں اور ورلڈ کپ کی ہندوستانی ٹیم میں انہیں شامل کیا جانا چاہئے تاکہ وہ نمبر 4 پر بیٹنگ کرسکیں۔ گمبھیر کے اس تبصرے پر مہیندر سنگھ دھونی کے مداح چراغ پا ہوگئے۔ دھونی کے چاہنے والوں نے سوشیل میڈیا پر گمبھیر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں بی جے پی میں کچھ کام دینے، بی سی سی آئی کو انہیں آئی پی ایل سے دور رکھنے، گمبھیر کیا تم نے دھونی کا نام نہیں سنا۔ دھونی سے حسد کرنے والوں نے اس طرح کئی سخت جملوں کیساتھ انہیں مخاطب کیا ہے۔