ناگپور۔ 22 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی مہاراشٹرا شاخ میں صدر ریاستی بی جے پی دیویندر فرنویس کے آئندہ چیف منسٹر بننے کی خبریں گشت کررہی ہیں، لیکن ناگپور شرقی کے رکن اسمبلی کرشنا کھوپڑے نے آج پیشکش کی کہ وہ اپنی نشست سے مستعفی ہوجائیں گے اور اپنے سیاسی سرپرست نتن گڈکری کی چیف منسٹر بننے کی راہ ہموار کرنے کے لئے اپنی نشست انہیں پیش کریں گے، جبکہ مرکزی وزیر نتن گڈکری کو ریاست کی سیاست میں واپس لانے کے مطالبات میں دن بہ دن شدت پیدا ہوتی جارہی ہے تاکہ انہیں چیف منسٹر بنایا جاسکے۔ کھوپڑے ناگپور شرقی سے دو میعادوں کے لئے رکن اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں، جب حالات کی تبدیلی کے پیش نظر ریاستی بی جے پی کے صدر فرنویس سے ربط پیدا کیا گیا تو انہوں نے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا
اور مہر بہ لب ہوگئے۔ گڈکری نے کل رات کہا تھا کہ وہ پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے سونپی جانے والی کسی بھی ذمہ داری کو قبول کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ودربھا علاقہ سے منتخب ہونے والے تمام 39 بی جے پی ارکان اسمبلی نے گڈکری سے ان کی قیام گاہ پر کل ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ انہیں ریاست کا چیف منسٹر بنایا جائے ۔ بعدازاں بی جے پی کے سینئر قائد نے الیکٹرانک ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کہا کہ ان سے ملاقات کرنے والے تمام ارکان اسمبلی ان کا بہت زیادہ احترام کرتے ہیں اور انہوں نے درخواست کی ہے کہ میں چیف منسٹر بننے کے لئے راضی ہوجاؤ۔ میں پہلے ہی اپنا موقف واضح کرچکا ہوں کہ ریاستی سیاست میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، لیکن پارٹی کی مرکزی قیادت فیصلہ کرتی ہے تو میں کوئی بھی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار رہوں گا۔