بیلوہاریزونٹے 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ 2014 کے پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے انتہائی شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے برازیل کو بدترین شکست سے دوچار کرنے کے بعد فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ پہلے سیمی فائنل میں اُمید کی جارہی تھی کہ میزبان برازیل بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلے گا لیکن جرمنی کے کھلاڑیوں نے برازیل کے گول پر نہ صرف متعدد حملے کئے بلکہ اسے تاریخ کی ایک بدترین شکست 7-1 گول سے دوچار کیا۔ مقابلہ کے گیارہویں منٹ میں ہی میلر نے گول کرتے ہوئے جرمنی کو سبقت دلوائی جس کے بعد 23 ویں منٹ میں کلوس نے دوسرا گول کیا۔ 24 ویں اور 26 ویں منٹ میں ٹونی کروس کے دو گول کی بدولت جرمنی نے ابتدائی لمحات میں ہی 4-0 کی سبقت حاصل کرلی تھی
جس کے بعد 29 ویں منٹ میں سمیع قدیرا نے بھی برازیل کی مشکلات میں اضافہ کرتے ہوئے ابتدائی نصف مرحلہ میں ٹیم کو 5-0 کی ایسی سبقت دلوادی جس کے بعد برازیل کی مقابلہ میں واپسی تقریباً ناممکن ہوچکی تھی۔ دوسرے نصف مرحلہ میں ٹونی شرلرنے 69 اور 79 ویں منٹ میں ٹیم کے لئے چھٹا اور ساتواں گول اسکور کیا۔ برازیل کے لئے واحد گول 90 ویں منٹ میں آسکر نے بنایا لیکن تب تک ورلڈکپ میں برازیل کی شکست لکھی جاچکی تھی۔ شکست کے بعد برازیل کے منیجر فلپ اسکولاری نے میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ میں برازیل کے عوام سے معافی مانگتا ہوں۔اس نتیجہ کا ذمہ دار میں ہوں۔اس بدترین شکست کی ذمہ داری ہم سب پر ڈالی جا سکتی ہے لیکن وہ میں تھا جس نے اِس ٹیم کا انتخاب کیا تھا۔ ہم جو کرسکتے تھے ہم نے کیا،
ہم نے اپنی بہترین کوشش کی لیکن ہمارا مقابلہ جرمنی جیسی بہترین ٹیم سے تھا۔ جرمنی کی ٹیم کو میچ کے 11 ویں منٹ میں پہلا کارنر ملا جس پر اس نے گول کر دیا۔ جب جرمنی نے پہلا گول کیا تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ اگلے گیارہ منٹوں میں برازیلی ٹیم کے ساتھ وہ کچھ ہونے جا رہا ہے جو اس کے ساتھ کبھی بھی نہیں ہوا۔ برازیلی کوچ نے شکست کی ذمہ داری قبول کرتے برازیلی عوام سے معافی طلب کی ہے۔ میچ کا پہلا ہاف جب ختم ہوا تو جرمنی کو پانچ گولوں کی برتری حاصل تھی۔ جرمنی کی ٹیم نے ابتدائی دس منٹوں میں کامیاب دفاع کے بعد برازیلی ہاف میں پہنچ کر اوپر تلے گول کرکے برازیلی تماشائیوں کو رُلا دیا۔ برازیل کی ٹیم اس میچ میں اپنے کپتان تھیاگو سلوا اور اسٹار کھلاڑی نیمر کی خدمات سے محروم تھی
کیونکہ تھیاگو مسلسل دو مقابلوں میں زرد کارڈ ملنے کی وجہ سے اس میچ میں حصہ نہیں لے سکے جبکہ نیمر کولمبیا کے ساتھ میچ کے دوران زخمی ہوکر ورلڈکپ سے باہر ہو چکے ہیں۔ دوسرے ہاف میں برازیل نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں اور ہلک اور فرنینڈینیو کی جگہ پاؤلینئو اور رمیرز کو میدان میں اتارا۔ دوسرے ہاف کے ابتدائی چند منٹوں میں برازیلی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کیا اور جرمن گول پر متعدد حملے کئے لیکن جرمنی کے مستعد گول کیپر نے تمام حملے ناکام بنادیئے۔ جرمنی نے دوسرے ہاف کے ابتدائی منٹوں میں کامیاب دفاع کے بعد ایک مرتبہ پھر برازیلی گول پر حملے شروع کئے۔ مرسیلو کلوز نے 16 واں گول بناتے ہوئے برازیل کے رونالڈو کا ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ جرمنی کے 36 سالہ مراسیلو کلوز کا یہ چوتھا ورلڈ کپ ہے۔