گوشت سے لدی لاری پر بجرنگ دل کارکنوں کا حملہ

جل پلی میں شر انگیز واقعہ ،پولیس نے اشرار کو منتشر کردیا
حیدرآباد 14ستمبر ( سیاست نیوز) ایسا لگتا ہے کہ عیدالضحی سے قبل ہندو بنیاد پرست تنظیمیں بڑے جانوروں کو لیکر شہر میں فساد برپاء کرنے کا منظم منصوبہ بناچکے ہیں۔ پہاڑی شریف کے علاقہ جل پلی میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب بجرنگ دل اور وشوا ہندو پریشد کے کارکنوں نے بڑے جانور کے گوشت سے لدی گاڑی پر اچانک حملہ کردیا۔ تفصیلات کے بموجب ایمفا کولڈ اسٹوریج سے تعلق رکھنے والی گاڑی کو ہندو بنیاد پرست تنظیموں سے وابستہ کارکنوں نے جل پلی کے قریب روک لیا اور اس پر پتھروں اور لاٹھوں سے حملہ کردیا ۔ اس واقعہ میں گاڑی کو شدید نقصان ہوا اور اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر پہاڑی شریف پولیس کی ایک ٹیم موقع واردات پر پہنچ کر وی ایچ پی اور بجرنگ دل کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا ۔ سب انسپکٹر پہاڑی شریف مسٹر اے اے راجو نے بتایا کہ اس واقعہ کی ویڈیو موجود ہے اور حملہ آوروں کی نشاندہی کی کارروائی جاری ہے اور انہیں عنقریب گرفتار کرلیا جائے گا جبکہ کولڈ اسٹوریج کی گاڑی کو پہاڑی شریف پولیس نے ضبط کرلیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس مصروف تحقیقات ہے۔