گورنمنٹ ویمنس ڈگری کالج ظہیرآباد میں داخلوں کا آغاز

مقامی لڑکیوں کو تعلیم جاری رکھنے کی سہولت، سابق کونسلر معین الدین کا بیان
ظہیرآباد۔/29جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق کونسلر محمد خواجہ معین الدین نے اپنے ایک صحافتی بیان میں مستقر ظہیرآباد میں گورنمنٹ ویمنس ڈگری کالج کے قیام کو رکن اسمبلی ظہیرآباد ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کی کامیاب نمائندگی کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ مذکورہ کالج میں تلگو میڈیم کے علاوہ اردو میڈیم کی طالبات کے لئے بھی بی اے ، بی کام اور بی ایس سی میں حصول تعلیم کا نظم رکھنے سے اردو میڈیم سے انٹر میڈیٹ کامیاب طالبات کو اپنا تعلیمی سفر جاری رکھنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ انہوں نے اردو میڈیم سے انٹر میڈیٹ کامیاب طالبات کے سرپرستوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنی لڑکیوں کے تعلیمی سفر کو جاری رکھنے کے لئے نو قائم کردہ ویمنس ڈگری کالج میں شریک کروائیں۔ انہوں نے ویمنس ڈگری کالج کے قیام کے لئے ڈاکٹر جے گیتا ریڈی سابق ریاستی وزیر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اس کالج کے قیام سے انٹر میڈیٹ کامیاب طالبات میں مزید تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا اور وہ گریجویٹ کہلانے کی مستحق ہوں گی۔ انہوں نے پرنسپال گورنمنٹ ڈگری کالج ڈاکٹر کے سرینواسا راجو سے بھی اظہار ممنونیت کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے زیر انتظام کالج کی عمارت میں مذکورہ ویمنس کالج قائم کرنے اور جاریہ تعلیمی سال میں داخلوں کا آغاز کرنے میں بھرپور تعاون کیا ہے۔