گورنمنٹ اسکول سدی پیٹ میں مولانا آزاد کی یوم پیدائش تقریب

سدی پیٹ /22 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے پیش نظر گورنمنٹ ہائی اسکول سدی پیٹ میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت شریمتی کرشنا کماری صدر معلمہ نے کی۔ اس موقع پر اردو، تلگو اور انگلش میڈیم کی طالبات میں تحریری، تقریری، بیت بازی اور دیگر مقابلہ جات رکھے گئے، جس میں کامیاب طالبات کو اول، دوم اور سوم انعامات سے نوازا گیا۔ معلمہ رضوانہ شہناز نے مولانا آزاد کی ملی، سماجی، سیاسی اور دینی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مولانا آزاد جنگ آزادی کے مجاہد، ماہر تعلیم اور علم دین کے بھی ماہر تھے، ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اس موقع پر معلمہ محترمہ صبیحہ تحسین کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ ملنے پر تہنیت پیش کی گئی۔ شریمتی سجاتا نے جلسہ کی کارروائی چلائی اور محترمہ ذاکرہ نے شکریہ ادا کیا۔