گورنر کا گھر اکثریت ثابت کرنے کا مقام نہیں : فاروق عبداللہ

نئی دہلی 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس قائد فاروق عبداللہ نے آج لوک سبھا میں ریاستی اسمبلی کو تحلیل کرنے کے گورنر جموں و کشمیر کے فیصلہ پر سوال کیا۔ وادیٔ کشمیر میں پائی جانے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اُنھوں نے بحالیٔ امن کے لئے پاکستان کے ساتھ بات چیت کی بھی وکالت کی۔ جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر نے ریاست میں صدر راج کے اعلان کے لئے دستوری قرارداد پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے یہ ریمارکس کئے۔ ریاست میں تشکیل حکومت کے لئے مجوزہ این سی ۔ پی ڈی پی ۔ کانگریس اتحاد کا تذکرہ کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ ’’گورنر جموں و کشمیر کا فیاکس مشین کام نہیں کررہا ہے۔ ان کا فون کام نہیں کررہا ہے۔ اور میں یہ کہوں گا کہ گورنر کا گھر اکثریت ثابت کرنے کا مقام نہیں ہے بلکہ اسمبلی ہے۔ گورنر نے انتظار نہیں کیا اور اسمبلی تحلیل کردی‘‘۔