کولکتہ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی قومی سکریٹری راہول سنہا نے آج گورنر مغربی بنگال کے این ترپاٹھی کو ’’مودی کی فوج کا ایک سپاہی‘‘ قرار دیا۔ اِس ریمارک پر ترنمول کانگریس نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بلّی تھیلے کے باہر آگئی۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی اور ترپاٹھی کے مابین لفظی تکرار کا حوالہ دیتے ہوئے راہول سنہا نے کہاکہ ترنمول کانگریس اِس گمان میں ہے کہ وہ بے بنیاد ریمارکس اور گورنر کے عہدے کو نشانہ بناتے ہوئے کے ایم ترپاٹھی کو خاموش بیٹھنے پر مجبور کرے گی لیکن ترنمول کانگریس نے اِس حقیقت کو فراموش کردیا کہ کے این ترپاٹھی دراصل مودی برگیڈ کے سپاہی ہیں۔ اُنھیں اپنی ڈیوٹی کی انجام دہی سے نہیں روکا جاسکتا۔ اُنھوں نے کہاکہ گورنر کے حالیہ بیان نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ترنمول کانگریس سے خوفزدہ نہیں۔ ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری پارتھا چٹرجی نے کہاکہ ہم پہلے ہی سے یہ کہتے آرہے ہیں کہ گورنر دراصل بی جے پی اور آر ایس ایس کی ایماء پر کام کررہے ہیں۔ راہول سنہا کے تبصرے سے یہ ثابت ہوگیا کہ ہماری بات درست تھی۔ اب بلّی تھیلے کے باہر آچکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی یہ سمجھتی ہے کہ راج بھون کو پارٹی آفس میں تبدیل کرنے سے وہ اقتدار پر قبضہ کرسکے گی۔