گورنر راجستھان کے ہاتھوں سوچھ بھارت ابھیان کاآغاز

جئے پور ۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) گورنر راجستھان کلیان سنگھ ریاست میں کل جن پتھ کی صفائی کرتے ہوئے ’’سوچھ بھارت ابھیان‘‘ کا افتتاح کریں گے۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ صاف ستھرے ہندوستان کے لئے صاف ستھرائی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ راج بھون سے جاری ایک اطلاع کے مطابق گورنر ایک تقریب میں عوام کو صاف ستھرائی اور حفظان صحت کا حلف بھی دلائیں گے۔ یاد رہے کہ یہ ایک قومی مہم ہے جس کا 2 اکٹوبر یعنی گاندھی جینتی سے ملک بھر میں آغاز ہورہا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے لال قلعہ سے یوم آزادی کی تقریر کے دوران اِس مہم کے بارے میں بار بار تذکرہ کیا تھا۔

جیہ للیتا کے حامیوں کا احتجاج جاری
چینائی۔ یکم ؍ اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر ٹاملناڈو جیہ للیتا کو غیرمحسوب اثاثہ جات کیس میں سزاء سنائے جانے کے بعد ٹاملناڈو میں ان کے حامیوں کا احتجاج جاری ہے۔ آج ایک اور شخص نے احتجاج کے دوران خودکشی کرلی۔ جیہ للیتا کو سزاء دینے پر بظاہر مایوس 55 سالہ کسان نے سرکاری ہاسپٹل میں دم توڑ دیا۔ جیہ للیتا کے حق میں احتجاج اور خودکشی کرنے والوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔