خصوصی طیارہ سے :22 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج گورنر اتر کھنڈ عزیز قریشی کے اس ادعا کی تردید کی کہ انہیں مستعفی ہونے کو کہا گیا ہے ۔ حکومت نے کہا کہ اس معاملہ پر سپریم کورٹ میں مناسب جواب جلد ہی داخل کیا جائیگا۔ یو پی کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی سروے کرنے کے بعد پی ٹکی آئی سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ انہیں بیدخل کرنے کی کوشش نہیں کی گئی ہے ۔ وہ ایک دستوری عہدہ صدر جمہوریہ کی خواہش پر رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ کل ہی گورنر اترکھنڈ کی درخواست پر سپریم کورٹ نے مرکز کو نوٹس جاری کی تھی ۔ عزیز قریشی نے اپنی درخواست میں نریندر مودی حکومت کی جانب سے انہیں عہدہ سے ہٹانے کی کوششوں کو چیلنج کیا گیا تھا ۔ عدالت نے معتمد داخلہ انیل گوسوامی کو نوٹس جاری کی تھی جن پر الزام ہے کہ انہوں نے گورنر عزیز قریشی کو انتباہ دیا تھا کہ یا تو وہ خود مستعفی ہوجائیں یا پھر انہیں مرکزی حکومت برطرف کردیگی ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج ادعا کیا کہ مرکز کی جانب سے گورنر اتر کھنڈ کی علیحدگی کیلئے کسی طرح کی دباؤ کی حکمت عملی اختیار نہیں کی جا رہی ہے ۔