گوا میں قیادت کی تبدیلی خارج ازا مکان : بی جے پی

پاناجی۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)گوا بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے اس امکان کو خارج قرار دیا ہے کہ ایک ایسے وقت جب چیف منسٹر منوہر پاریکر علاج کے سلسلے میں امریکہ گئے ہوئے ہیں ، اور ان کی واپسی میں مزید 6 ہفتے ہوسکتے ہیں ، ریاست میں قیادت کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے شہری ترقیاتی وزیر فرینسس ڈیوسوزا نے کہا کہ ایک عام خیال یہ پایا جارہا ہے کہ مسٹر پاریکر ریاست سے باہر ہیں اور وہ ریاست کے کام کاج پر توجہ نہیں دے پارہے ہیں، حالانکہ وہ فون پر متواتر متعلقہ کابینی وزراء اور سیکریٹری سے ربط کرتے ہوئے ضروری ہدایات دیتے رہے ہیں۔ قبل ازیں میڈیا کے ایک گوشہ نے مسٹر پاریکر کی غیرحاضر میں قیادت کی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا تھا۔ واضح رہے کہ 62 سالہ پاریکر ایک عارضہ کا شکار ہوکر بغرض علاج امریکہ میں موجود ہیں جہاں انہیں مارچ کے پہلے ہفتہ میں ایڈمٹ کیا گیا تھا۔