گوا بی جے پی میں اختلافات سیاسی زلزلہ متوقع : کانگریس

پاناجی ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گوا کی اپوزیشن پارٹی کانگریس نے آج دعویٰ کیا کہ گوا مخلوط حکومت میں ناراضگی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بی جے پی زیرقیادت اتحاد میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں اور امکان ہیکہ جلد ہی سیاسی زلزلہ آئے گا۔ پارٹی نے ادعا کیا کہ گورنر مردولا سنہا کو چاہئے کہ منوہر پاریکر حکومت کو برطرف کردیں۔ کانگریس نے دعویٰ کیا کہ انتظامیہ مکمل طور پر ٹھپ ہوچکا ہے۔ منوہر پاریکر جو سربراہ حکومت ہیں اور جنہیں گوا فارورڈ پارٹی مہاراشٹرا وادی گومنتک پارٹی این سی پی اور آزاد ارکان کی تائید حاصل ہے۔ فی الحال ایمس دہلی میں پتے کے علاج کیلئے شریک ہیں۔ کانگریس کے ترجمان رماکانت کھلپ نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ریاست میں صورتحال گورنر راج کیلئے بالکل درست ہے۔ پاریکر حکومت کو برطرف کردینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کا اجلاس منعقد نہیں ہورہا ہے اور کسی کو بھی معیشت کے بارے میں تذکرہ کرنے کا موقع نہیں ملتا۔ حکومت کو بیروزگاری کی کوئی فکر نہیں ہے۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے بارے میں کوئی بھی بات نہیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ چند سنگین مسائل ہیں جو ریاست کو درپیش ہیں۔ اس کے علاوہ پہلے ہی سے ناراضگی کی لہر برسراقتدار مخلوط اتحاد میں موجود تھی اور جلد ہی ریاست میں سیاسی زلزلہ متوقع ہے۔