گواسکر کو صدر بنانے کا پاکستانی سابق کھلاڑیوں کی جانب سے خیرمقدم

کراچی ۔29مارچ ( سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ وقار یونس نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر کو آئی پی ایل کے اُمور کے لئے بی سی سی آئی کے عبوری صدر بنائے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ پی ٹی وی اسپورٹس سے اظہار خیال کرتے ہوئے وقاریونس نے کہا کہ یہ ایک اچھی خبر ہے کیونکہ میں ہمیشہ ہی مانتاہوں کہ ایک کرکٹر ہی انتظامیہ کے علاوہ عالمی سطح پر کرکٹ کے اُمور کی باگ ڈور سنبھالے‘ کیونکہ ایک کھلاڑی ہی کھیل کو بہتر سمجھ سکتا ہے۔

وقار یونس کو بھی امید ہے کہ آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں سے ہونے والی ناانصافی سے متعلق بہتر فیصلہ کریں گے ۔علاوہ ازیں سابق ٹسٹ کھلاڑی باسط علی نے امید ظاہر کی کہ گواسکر آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی عدم شمولیت کے تعلق سے بہتر اقدام کریں گے ۔ ان کا کہنا ہے کہ سنی ( بھائی) کو کرکٹ کی وجہ سے کافی عزت دی جاتی ہے اور ہندوستانی سپریم کورٹ نے ان کا انتخاب کرتے ہوئے ایک بہتر فیصلہ کیا ہے ۔دیگر کئی پاکستانی سابق کھلاڑیوں نے سپریم کورٹ کی جانب سے سنیل گواسکر کو بی سی سی آئی کے صدر بنائے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدہ پر کھلاڑی کا انتخاب کھیل کیلئے ایک بہتر فیصلہ ہے ۔