گن فاونڈری میں واٹر ٹینکر کی ٹکر ، کمسن طالبہ فوت

شہر میں لاریوں ، ٹپرس اور بڑی گاڑیوں سے مہلک حادثات میں اضافہ
حیدرآباد ۔ یکم / مارچ (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں خطرناک اور لاپرواہی کی ڈرائیونگ کو روک تھام کرنے میں ٹریفک اور لا اینڈ آرڈر پولیس ناکام ہورہی ہے جس کے نتیجہ میں شہر کی سڑکیں شہریوں کیلئے موت کا کنواں بن گئی ہیں ۔ تازہ ترین واقعہ میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے اسکول کی طالبہ برسرموقعہ ہلاک ہوگئی ۔ تفصیلات کے بموجب روزری کانونٹ ہائی اسکول واقع گن فاؤنڈری کی تیسری جماعت کی طالبہ 8 سالہ دیاجین ساکن دتاتریہ کالونی آصف نگر اپنے باپ نریش کمار جین کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اسکول جارہی تھی کہ ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے اس طالبہ کو ٹکر دیدی ۔ اس حادثہ میں دیاجین برسرموقع ہلاک ہوگئی اور اس کا باپ بھی زخمی ہوگیا ۔ حادثہ کے فوری بعد واٹر ٹینکر ڈرائیور بابو راؤ وہاں سے فرار ہوگیا اور مقامی عوام وہاں پر کثیر تعداد میں جمع ہوگئے اور واٹر ٹینکرس کی اسکول کے اوقات میں آمد و رفت پر شدید برہمی ظاہر کی اور پولیس کی اس لاپرواہی پر احتجاج کیا ۔ سب انسپکٹر عابڈس بی لکشمن کے بموجب واٹر ٹینکر ڈرائیور تیز رفتار اور لاپرواہی سے ٹینکر چلارہا تھا جس کے نتیجہ میں نریش کمار جین کی گاڑی کو ٹکر دیدی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ 8 بجکر 20 منٹ پر چیاپل روڈ روبرو میتھڈیس چرچ کے قریب پیش آیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیور کی لاپرواہی اور اس کیس میں شواہد کیلئے علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی جارہی ہے تاکہ ڈرائیور کو سزاء یقینی طور پر دلاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ٹینکر ڈرائیور کے خلاف 304(A) کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اسے عنقریب گرفتار کرلیا جائے گا ۔ قابل تشویش بات یہ ہے کہ اسکول اور دفاتر کے مصروف ترین اوقات میں پولیس واٹر ٹینکرس ، ٹپر ، لاریاں اور دیگر بڑی گاڑیوں کو شہر کی سڑکوں پر داخلے کی اجازت دے رہی ہے جو شہریوں کیلئے مہلک ثابت ہورہے ہیں ۔ آئے دن المناک سڑک حادثات پیش آنے کے باوجود بھی پولیس کی جانب سے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں تاکہ سڑک حادثات کی روک تھام کی جاسکے۔