سرپور ٹاؤن۔/27اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن مستقر کے بھوئی محلہ قریب پٹرول پمپ علاقہ میں 26اگسٹ کی شام ایک ہی فرقہ کے دونوں گروپوں میں گنیش اتسو کے انعقاد کو لیکر ایک تنازعہ میں ایک نوجوان فوت ہوگیا۔ تفصیلات کے بموجب سرپور ٹاؤن مستقر کے بھوئی محلہ میں ہر سال ایک گنیش منڈپ کا اہتمام کیا جاتا ہے اس سال بھوئی محلہ میں دو گنیش مورتیوں کا انعقاد کرنے کا آپس میں طئے کیا گیا اور گنیش منڈپ ( یعنی منڈوا چھت ) عارضی تعمیر کرنے کیلئے جی سائی اور اسی محلہ کا توڈا بنڈو کا گروپ قریب کے جنگل سے لکڑی لانے کیلئے گئے اور جنگل میں ہی دونوں گروپوں میں لفظی تکرار ہوئی اور شام کے سات تا آٹھ بجے کے دوران بھوئی محلہ میں گنیش مورتی منڈپ کو 20سالہ جی سائی کے مکان کے روبرو اہتمام کرنے کے بعد دونوں گروپوں بشمول خواتین میں بحث و تکرار ہوئی اور جھگڑا کرتے ہوئے ایک دوسرے پر حملہ کرنا شروع کیا۔ موقع واردات پر جی سائی کے مخالف گروپ نے حملہ کرتے ہوئے جی سائی کا گلا دباکر ہلاک کردیا اور مخالف گروپ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سرپور ٹاؤن سب انسپکٹر پولیس جی راکیش نے سرکاری دواخانہ پہنچ کر تفصیلات حاصل کرتے ہوئے کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ جی سائی کی نعش دیکھنے کیلئے سرکاری دواخانہ کے روبرو سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان موجود تھے۔ نائب صدر منڈل پریشد محمد سہیل احمد، منڈل پریشد صدر محترمہ این ریکھا ستیہ نارائنا نے دواخانہ پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور جی سائی کے افراد خاندان کو دلاسہ دیا۔
ورنگل میں زبردستی چندہ وصول
کرنے پر انتباہ
ہنمکنڈہ۔/27اگسٹ ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ورنگل کے زونل ایس پی کالی داس نے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ گنیش تہوار کے موقع پر جگہ جگہ گنیش مورتیاں بٹھائی جاتی ہیں ان گنیش مورتیوں کو بٹھانے کیلئے جو لوگ چندہ وصول کرتے ہیں وہ زور زبردستی سے چندہ وصول نہ کریں اور گروپ کی شکل میں روانہ ہوکر دکانداروں یا دیگر لوگوں سے چندہ وصول نہ کریں۔ بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔ اگر کوئی اپنی خوشی سے چندہ دیتا ہے تو لیں ورنہ نہیں اور گنیش منڈپوں کے ذمہ داروں سے کہا کہ گنیش منڈپوں میں ڈی جے کے استعمال پر پابندی رہے گی۔ جبکہ برقی بحران کے پیش نظر برقی کے استعمال میں کفایت شعاری اختیار کی جائے اور نظم و نسق کی برقراری کے لئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔