نئی دہلی۔21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی سابق کپتان سوروگنگولی نے آسٹریلیا سے پرتھ میں دوسرا ٹسٹ گنواچکی ہندوستانی ٹیم کا دفاع کرتے ہوئے ہندستان کے باقی دو ٹسٹ میچوں میں واپسی کرنے کے علاوہ سریز جیتنے کا بھروسہ ظاہر کیا ہے۔ ہندستان نے آسٹریلیا کے خلاف اڈیلیڈ میں پہلا ٹسٹ جیتا تھا لیکن دوسرے میچ میں وہ 146 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی اور فی الحال دونوں ٹیمیں چار میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابر ہیں۔ ہندستانی ٹیم اب تیسرا باکسنگ ڈے ٹسٹ کے لئے میلبورن میں 26 دسمبر سے کھیلنے اتریگی۔ پرتھ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد بڑے فرق سے شکست برداشت کرنے والی ہندوستانی ٹیم اگرچہ ناقدین کے نشانے پر ہے لیکن سابق کپتان گنگولی نے کوہلی کی زیر قیادت ٹیم پر بھروسہ ظاہر کیا ہے۔ گنگولی نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر لکھاکہ میڈیا میں خاص طور پر آسٹریلیائی میڈیا میں سریز کے متعلق کافی باتیں ہو رہی ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کو دیکھئے۔ اب ہمارے دو ٹسٹ باقی ہیں اور ہندستان دونوں میچ جیت سکتا ہے۔ تمام لوگ بہت آگے نہ جائیں۔ پرتھ ٹسٹ میں نہ صرف ہندستان کو شکست کھانی پڑی بلکہ یہ میچ کپتانوں ویراٹ کوہلی اور ٹم پین کے درمیان تنازعات سے بھی بحث میں رہا۔ اس میچ میں کوہلی کے رویے کی بیرون ملک ہی نہیں بلکہ ہندوستان میں بھی کافی تنقید ہوئی ہے۔کوہلی کے پرستار کے علاوہ بہت سے ماہرین نے ہندوستانی کپتان کی جارحیت کا دفاع کرتے ہوئے اسے درست قراردیا ہے۔ کوہلی اور ٹیم مینجمنٹ کو پرتھ ٹسٹ گنوانے کے لئے اپنے منتخب فیصلوں پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گزشتہ میچ میں جہاں آسٹریلیائی آف اسپنر ناتھن لیون مین آف دی میچ رہے وہیں ہندوستانی کپتان نے چار فاسٹ بولر اتارے اور تجربہ کار اسپنر رویندر جڈیجہ کو حتمی 11 کھلاڑیوں میں موقع ہی نہیں دیا تھا۔ آسٹریلیا کی زمین پر پہلی ٹسٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کرنے کا خواب دیکھ رہی دنیا کی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم ہندستان کے لیے ابھی سریز جیتنے کے لئے میلبورن اور سڈنی میں باقی دونوں ٹسٹ جیتنے کی ضرورت ہے۔