گنگاو دیگر دریاؤں کیلئے حکومت کا جامع منصوبہ

نئی دہلی ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) دریائے گنگا اور دیگر دریاؤں کی صاف صفائی کیلئے حکومت ایک جامع منصوبہ کی تیاری کررہی ہے جس پر ملک بھر میں عملدرآمد کیا جائے گا، مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی نے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ دریائے گنگا دیگر دریاؤں کیلئے وہی حیثیت رکھتی ہے جیسے نریندر مودی قوم کی قیادت کررہے ہیں۔ ہم گنگا اور دیگر ندیوں کی صاف صفائی کیلئے جامع منصوبہ پر عمل کریں گے۔ فی الحال مناسب منصوبہ بندی کا فقدان ہے جس کے تعلق سے وزیراعظم نے تیقن دیا ہیکہ اس کی تلافی کی جائے گی۔ ہم منصوبہ کی تیاری کے عمل میں ہے جس کیلئے متعلقہ معتمدین سرگرم ہیں۔

کسانوں کو بقایوں کی عدم ادائیگی پر یو پی اسمبلی میں ہنگامہ
لکھنؤ ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) کسانوں کو گنا کی کاشت کیلئے بقایہ جات کی عدم ادائیگی کے مسئلہ نے آج اترپردیش اسمبلی کی کارروائی درہم برہم کردی جبکہ بی جے پی ارکان نے واک آوٹ کیا اور کانگریس، بی ایس پی اور آر ایل ڈی اراکین اپنا احتجاج درج کرانے کیلئے ایوان کے وسط میں پہنچ گئے۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر رام کرن آریہ نے ایوان کو بتایا کہ 7,418 کروڑ روپئے کسانوں کو بقایوں کے طور پر حکومت کی طرف سے ادا شدنی ہیں جبکہ خانگی شوگر ملس اور ریاستی حکومت یہ بقایہ جات جلد از جلد ادا کردینے کے معاملہ میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 61 فیصد بقایہ جات ادا کئے جاچکے ہیں اور بقیہ ادائیگی کیلئے حکومت سنجیدہ ہے۔ تاہم بی جے پی لیڈر ستیش مہانہ نے کہا کہ وہ وزیرموصوف کے جواب سے مطمئن نہیں ہے اور الزام عائد کیا کہ حکومت اس مسئلہ پر سنجیدہ نہیں ہے۔ دریں اثناء کانگریس ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور بقایوں کی ادائیگی کیلئے قطعی مدت پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔