گنٹور میں بھیانک سڑک حادثہ، پانچ طلباء ہلاک

مزید تین افراد شدید زخمی، اسپیکر اور وزراء کا اظہار رنج و ملال
حیدرآباد 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے ضلع گنٹور کے ایک مقام پر آج ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا۔ جس کے نتیجہ میں پانچ طلباء (متعلم ایس ایس سی) برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع گنٹور، فرنگی پورم منڈل کے موضع رے پوڈی کے پاس اسکول جانے والے آٹو کو تیز رفتار آر ٹی سی بس نے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں 5 افراد بشمول چار اسکولی طلباء برسر موقع ہلاک ہوگئے اور مزید تین افراد شدید زخمی ہوگئے جنھیں فوری گنٹور کے ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔ برسر موقع ہلاک ہونے والوں میں ویماورم موضع کی چار طالبات گائتری، رینوکا، شلیجا اور آٹو ڈرائیور دھن راج کے علاوہ کارتک ریڈی طالب علم دواخانہ منتقل کرنے کے دوران راستہ میں جانبر نہ ہوسکا۔ سڑک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی وزیر بہبود برائے درج فہرست اقوام و قبائیل مسٹر آنند بابو نے خانگی ہاسپٹل پہونچ کر شدید زخمی زیرعلاج افراد کی عیادت کی اور بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ڈاکٹروں کو ہدایات دیں۔ جبکہ مہلوکین کی نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم نرسا راؤ گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ بھیانک سڑک حادثہ میں پانچ افراد کی ہلاکت اور 3 افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع پر اسپیکر آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ، وزیر ٹرانسپورٹ اچن نائیڈو، وزیر فروغ انسانی وسائل جی سرینواس راؤ نے گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا۔ جبکہ طلباء کے والدین اور رشتہ داروں نے اس بات پر تاسف کا اظہار کیاکہ اسی مقام پر سابق میں بھی کئی بھیانک سڑک حادثات پیش آنے کے باوجود مناسب احتیاطی اقدامات نہ کئے جانے کی وجہ سے آج پھر ایک سڑک حادثہ پیش آیا۔ لہذا سڑک حادثات کے تدارک کے لئے سخت اقدامات کا حکومت سے مطالبہ کیا گیا۔