گنا کسانوں کو مقررہ قیمت ادا نہ کرنے پر کارروائی

بیدر۔ 30 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) فی ٹن گنے کیلئے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت ادا نہ کرنے والی اور بقایا رکھ لینے والی شکر فیکٹریوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسانوں کی رقومات ادا کی جائے گی۔ وزیر کوآپریٹیو اور شکر ایچ ایس مہادیو پرساد نے آج کونسل میں یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ ختم تک گنا کریشنگ کا موسم ہے تب تک فیکٹریوں کو موقع دیا گیا ہے۔ اس کے بعد اگر کسان کو رقومات ادا نہیں کی گئی تو فی الفور فیکٹریوں کو ضبط کیا جائے گا۔ سال 2014-15ء میں شکر فیکٹریوں سے 242.36 کروڑ روپئے بقایا ادا کیا گیا۔ اس کیساتھ ساتھ اس سال کی رقم کے بشمول کسانوں کو مکمل رقم ادا کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس سال گنے کی زائد ریکوری ہونے کے سبب فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کرنے میں تاخیر کی جارہی ہے۔ حکومت نے فیکٹریوں کو کسانوں سے ایک فیصد تول ناپ میں کٹوتی کرنے کی اجازت دی ہے، لیکن بعض شکر فیکٹریوں میں 5 تا 20 فیصد تول ناپ میں کمی کی جارہی ہے۔ ایسی 8 شکر فیکٹریوں کے خلاف کریمنل کیس درج کئے گئے ہیں۔