لکھنؤ 27اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش میں کانپور کے سیف اللہ کی طرح گمراہ ہوکر دہشت گردی کا راستہ اختیار کرنے والے نوجوانوں کو واپس اصل دھارے میں لانے کے لیے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے ’گھر واپسی‘پروگرام چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے کی ذمہ داری ریاستی پولیس کے انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) کو سونپی گئی ہے ۔ اے ٹی ایس کے انسپکٹر جنرل اسیم ارون نے بتایا کہ کچھ عرصے سے دیکھا جا رہا ہے کہ سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع کے سبب کچھ نوجوان گمراہ ہوکرآئی ایس آئی ایس کے یا دیگر دہشت گرد تنظیموں کے حامی بنتے جا رہے ہیں۔ ارون نے بتایا کہ بھٹکے ہوئے نوجوانوں کی واپسی اور دیگر نوجوانوں کو بھٹکنے سے روکنے کیلئے ’گھر واپسی‘پروگرام شروع کیا گیا ہے ۔ حال ہی میں آئی ایس آئی ایس سے رابطہ رکھنے کے الزام میں کئی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ’گھر واپسی‘ پروگرام ان لوگوں کے لئے کافی مددگار ثابت ہو گا، جن کے خاندان کا کوئی رکن گمراہ ہوکر اس راستے پر چلا گیا ہوگا۔ اس کیلئے ہیلپ لائن نمبر 0522-2304586 اور 9792103156 پر براہ راست رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔
14 مئی کو یوگی کادورۂ گجرات متوقع
وڈودرہ، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اتر پردیش کے چیف منسٹر ادتیہ ناتھ یوگی آئندہ 14 مئی کو گجرات کے وڈودرہ میں ایک مذہبی تقریب میں شرکت کرسکتے ہیں۔اس پروگرام کا انعقاد کرنے والے سوامی نارائن فرقے کے ھری دھام سوکھڈا سے جڑے سنتوں کے ایک وفد نے یوگی سے لکھنؤ کے کالی داس روڈ واقع ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی اور انہیں اس پروگرام کے لئے مدعو کیا تھا۔یوگی نے اس دعوت کو قبول کرلیا ہے اور مذکورہ پروگرام سے متعلق تین منٹ کا ایک پریزنٹیشن بھی دیکھا۔یوگی کے گرو مہنت اویدھناتھ بھی اس فرقے کے پروگرام میں شرکت کر چکے ہیں۔