بیڑی مزدور خواتین میںتشویش کی لہر
گمبھی راؤ پیٹ۔/28مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آسرا اسکیم کے طرز پر بیڑی مزدور خواتین کو دیئے جانے والے ماہانہ وظائف کی عدم تقسیم پر گمبھی راؤ پیٹ کے مستحق ومنتخب بیڑی مزدور خواتین میں تشویش کی لہر دیکھی جارہی ہے۔ باوثوق ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق گمبھی راؤ پیٹ کے عوامی منتخب نمائندے، منڈل پریشد کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے درمیان عدم تال میل اور آپسی اختلافات کی بنیاد پر منظو ر شدہ وظائف منتخب بیڑی مزدوروں میں ابھی تک تقسیم نہیں کئے گئے۔ ایک طرف ریاست کی نو تشکیل شدہ حکومت مختلف اسکیمات کے ذریعہ غریب مستحق افرادکی مدد کرنا چاہتی ہے تو دوسری جانب محکمہ جاتی عہدیداروں، عوامی منتخب نمائندوں کے درمیان آپسی اختلافات و رسہ کشی کی وجہ سے غریب افراد کو فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے۔ لہذا ڈیویژنل سطح کے اعلیٰ عہدیدار کو چاہیئے کہ وہ فوراً گمبھی راؤ پیٹ کے منتخب مستحق بیڑی مزدور خواتین کو ان کے منظور کردہ وظائف کی تقسیم کرنے میں پہل کریں تاکہ ان مزدوروں کے درمیان گزشتہ تین چار ہفتوں سے پائی جانے والی تشویش و بے چینی دور ہوسکے۔