گمبھی راؤ پیٹ۔/24 اکٹوبر، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گمبھی راؤ پیٹ میجر گرام پنچایت کے وارڈ 7، 6 اور 9 سے تعلق رکھنے والی خواتین نے آج خالی گھڑوں کے ساتھ راستہ روکو احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پانی کی قلت جیسے سنگین مسئلہ سے نمٹنے کی مانگ کی۔ احتجاجی خواتین جنہیں کانگریس کی تائید حاصل تھی صدر منڈل کانگریس یگادنڈی سوامی کی قیادت میں کئے گئے اس راستہ روکو مظاہرے کے سبب کاماریڈی تا سیدی پیٹ اور سیدی پیٹ تا کاماریڈی جانے والی اس سڑک پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ خواتین جو برہمی کی حالت میں دکھائی دے رہی تھیں پانی کی نلوں کے ذریعہ عدم فراہمی پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے گرام پنچایت عہدیداروں کے خلاف نعرے بلند کئے اور کہا کہ ان کے محلہ جات میں پانی کی شدید قلت ہے پانی کے حصول کیلئے خواتین کو کافی دور تک فاصلہ طئے کرنا پڑ رہا ہے، نلوں کے ذریعہ پہلے دو دن میں ایک بار پانی سربراہ کیا جاتا ہے وہ بھی بند ہے۔ ان دنوں سرکاری نلوں سے پانی نہ آنے کے برابر ہے۔ خواتین نے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد ان کے محلہ جات میں پانی کی قلت کے معاملہ سے نمٹا جائے۔