گمبھیر کو یوسف پٹھان سے بہتر مظاہرہ کی امید

کولکتہ ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل 7 کی چمپیئن ٹیم کولکتہ نائیٹ رائیڈرس (کے کے آر) کے کپتان گوتم گمبھیر چمپیئنس لیگ میں بہتر مظاہرہ کیلئے نہ صرف پرعزم ہیں بلکہ انہوں نے اپنے کھلاڑیوں سے بہتر مظاہرہ کی بھی امید کی ہے۔ کے کے آر کے کپتان گوتم گمبھیر کی پھر ایک مرتبہ نظریں دھماکو بیٹسمین یوسف پٹھان پر مرکوز ہوچکی ہیں جیسا کہ آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن میں انہوں نے آئی پی ایل کی تیز رفتار نصف سنچری صرف 15 گیندوں میں اسکور کرتے ہوئے کولکتہ کو دوسری مرتبہ چمپیئن بنانے میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ گمبھیر کے بموجب یوسف پٹھان یقیناً ایسے کھلاڑی ہیں جوکہ کسی بھی وقت مقابلہ کو اپنی ٹیم کے حق میں کرسکتے ہیں۔ گمبھیر نے کہا کہ یوسف پٹھان ٹیم کے کلیدی کھلاڑیوں میں شامل ضرور ہیں لیکن قطعی 11 کھلاڑیوں میں ایسے کئی نام موجود ہیں جو کہ ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرسکتے ہیں۔ آئی پی ایل 7 کے فائنل میں شاندار مظاہرہ کرنے والے منیش پانڈے اور سوریہ کمار یادو بھی ٹیم کے لئے اہم مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ کولکتہ کیلئے بولنگ شعبہ میں ونئے کمار، اومیش یادو کے ہمراہ آسٹریلیائی فاسٹ بولر پاٹ کمنس سے بھی گمبھیر کو بہتر مظاہرہ کی امید ہے۔