گلوبل ہاسپٹل میں ہنگامہ آرائی فریقین کے خلاف مقدمات درج

حیدرآباد ۔ /25 ڈسمبر (سیاست نیوز) لکڑی کا پل گلوبل ہاسپٹل میں پیر کی شب شمیم بیگم نامی مریضہ کی دوران علاج موت واقع ہونے اور متوفی کے رشتہ داروں کی جانب سے دواخانہ میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے نتیجہ میں سیف آباد پولیس نے دو علحدہ مقدمات درج کئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون مسٹر پی وشواپرشاد نے کہا کہ 45 سالہ شمیم بیگم کو /18 ڈسمبر کو لکڑی کا پل گلوبل ہاسپٹل میں پھیپھڑوں میں انفیکشن کے نتیجہ میں شریک کیا گیا تھا اور وہ زیرعلاج تھیں ۔ کل رات خاتون کی موت واقع ہونے کے بعد ان کے بیٹے میر محی الدین علی خاں ، میر برکت علی خاں ، میر مصطفیٰ علی اور دیگر نے دواخانہ میں توڑ پھوڑ کی اور وہاں کے سکیورٹی گارڈس کو بھی زدوکوب کیا ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ دواخانہ پر حملہ کرنے کے الزام میں سیف آباد پولیس نے تلنگانہ میڈی کیر سرویس پرسنس ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ جبکہ دواخانہ کے انتظامیہ کے خلاف بھی ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ۔ مسٹر پرساد نے کہا کہ شمیم بیگم کی نعش کو بعد پوسٹ مارٹم ورثاء کے حوالے کردیا گیا اور مزید تحقیقات جاری ہے ں۔