گلبرگہ میں لوک عدالت کے ذریعہ 3135 معاملات کی یکسوئی

شاہ اباد ۔ 19 ۔ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع گلبرگہ کی تمام عدالتوں میں 31 اگست 2014 ء تک جملہ 32016 معاملات زیر تصفیہ تھے ۔ مذکورہ معاملات کے منجملہ 3135 معاملات کو میگھا عدالت کے ذریعہ 14 نومبر تک باہمی گفت و شنید کے ذریعہ حل کرلیا گیا ہے ۔ متاثرہ افراد کو 24.35 لاکھ روپئے معاوضہ دینے کی منظوری کے احکامات جاری کردئے گئے ۔ یہ بات ضلع لیگل سرویس اتھاریٹی کے صدر اور پرنسپل ضلع ا ینڈ سیشن جج ڈی آر وینکٹ سدرشن نے بتائی ۔ وہ گلبرگہ ایڈوکیٹس اسوسی ایشن ہال میں ضلع لیگل سرویس اتھاریٹی ضلع ایڈوکیٹس اسوسی ا یشن اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا علاقائی دفتر گلبرگہ کے باہمی اشتراک سے نیشنل لوک عدالت 2014 کے تحت ایس بی آئی علاقائی دفتر میں معاملات سے قبل گفت و شنید کے ذریعہ حل کرنے منعقد کردہ لوک عدالت پروگرام کا افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ لوک عدالت میں کیس داخل ہونے سے پہلے معاملات کو حل کرنے کی سہولت ہونے کے پیش نظر ضلع ایڈوکیٹس اسوسی ایشن ہال میں 17 نومبر تا 19 نومبر تک ایس بی آئی کے 4100 اور نومبر 22 تا یکم ڈسمبر تک پرگیتی کرشنا گرامین بینک سے متعلق 10 ، 15 ہزار روپئے کے کیس درج ہونے قبل بات چیت کے ذریعہ حل کرلئے جانے کا پروگرام منعقد ہوا تھا ۔ تیسرے میگھا لوک عدالت 6 نومبر کو منعقد ہونے کے پیش نظر گلبرگہ ضلع میں ضلع لیگل سرویس اتھاریٹی زیادہ سے زیادہ معاملات باہمی گفت و شنید کے ذریعہ حل کرنے کا نشانہ مقرر کرلیا گیا ہے اس سے متعلق تمام موکلین ، عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ بینک سے متعلق اگر ایسے معاملات ہوں تو لوک عدالت کے ذریعہ حل کر کے اس سے استفادہ کرلیں ۔ ضلع گلبرگہ کے تمام تعلقہ عدالتوں میں زیر دوران معاملات کو ہر روز لیگل سرویس اتھاریٹی کے ذریعہ چلائے جانے والے لوک عدالت جنتا عدالت میں حل کرلیں ۔ جنتا عدالت کے ذریعہ دیئے جانے والے فیصلے موثر ہوتے ہیں۔ موکلین وکلاء کے ذریعہ یا راست طور پر مذکورہ لوک عدالت میں شریک ہوں ۔ جنتا عدالت میں حل ہونے والے معاملات میں اپیل کی گنجائش نہیں ہوتی بنگلور ایس بی آئی بینک کے اسسٹنٹ جنرل مینجر ٹی ایس ودیا شنکر نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ خانگی اور دیگر بینکوں سے تقابل کریں تو قومیائے بینک کی شرح سود کم ہے ۔ کسان برادری اور صارفین قرض حاصل کر کے اس کی مقررہ مدت کے دوران ادا کریں اور کسی وجہ سے بینک کے کاروبار کو متاثر کئے بغیر قرض حاصل کر کے آمدنی میں اضافہ کرلیں اور صحیح ادائیگی کی فکر رکھنا ضروری ہے مذکورہ لوک عدالت میں کسانوں کو بینک اپنے حدود میں ہر ممکن مدد کرنے کیلئے تیار ہے ۔