گلبرگہ ۔ 24 جون ۔ ( ذریعہ ای میل) دارالعلوم شاہ ابوالسعود فرحت میں منعقدہ جلسہ بزم اشرف کے اختتامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جنوبی ہند کی مرکزی درسگاہ دارالعلوم سبیل الرشاد کے استاذ حدیث و فقہ مولانا جواد احمد رشادی نے طلبہ سے فرمایا کہ اﷲ تعالیٰ نے انسان کو زبان اور قلم دو ہتھیار ایسے دیئے ہیں کہ جس سے انسان انقلاب برپا کرسکتا ہے ۔ انسانوں کی اصلاح فلاح و بہبودی کا کام بخوبی انجام دے سکتا ہے ۔ مولانا نصیرالدین خان رشادی بانی و مہتمم مدرسہ مصباح العلوم و صدر مجلس العلماء گلبرگہ و خلیفۂ مجاز حضرت مولانا شاہ حبیب … حسن نے اساتذہ سے مختصر خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ حضرات معلم ہیں اور سرکار دوعالم صلی اﷲ علیہ و سلم معلم بناکر بھیجے گئے ہیں تو آپ کے ساتھ جو نسبت ہے وہ معمولی نہیں اس نسبت کی قدر کریں اور یہ طلبہ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے ۔ آپ ان طلبہ کے اوقات کے امین ہیں یہ طلبہ آپ کیلئے امانت ہیں ان طلبہ کی تربیت میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔ مدرسہ کے استاذ حافظ ظہور احمد اشاعتی نقشبندی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور مدرسہ کے مہتمم مولانا یوسف رشادی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور صدر جلسہ مولانا نصیرالدین خان رشادی کی دعاء سے جلسہ اختتام پذیر ہوا ۔