گری راج سنگھ کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

پٹنہ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی قائد گری راج سنگھ کی آج پٹنہ کی عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کردی گئی۔ یہ ضمانت انتخابی مہم کے دوران ان کی مبینہ نفرت انگیز تقریروں کے سلسلہ میں ہے۔ ضلع پٹنہ و سیشنس جج ویریندر کمار نے گری راج سنگھ کو پٹنہ ایر پورٹ پولیس اسٹیشن میں 21 اپریل کو قانون عوامی نمائندگی 1950 اور قانون تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت درج کروائی ہوئی ایف آئی آر کے پس منظر میں ہے نتیش کمار حکومت کے سابق وزیر گری راج سنگھ نے جھاکھنڈ کے ضلع دیو گڑھ میں 19 اپریل کو ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کے دوران اپنے قابل اعتراض تبصرے سے ایک تنازعہ کھڑا کردیا تھا انہوں نے کہا تھا کہ جو لوگ نریندر مودی کے مخالف ہیں انہیں پاکستان چلے جانا چاہئے۔ گری راج سنگھ کے وکیل جناردھن رائے نے دلیل پیش کی کہ ان کے موکل پہلے ہی مجاز عہدیدار کی وجہ بتاو نوٹس کے جواب میں اپنا بیان دے چکے ہیں اور کہہ چکے ہیں کہ ان کے بیان کا نشانہ کوئی مخصوص ذات یا طبقہ نہیں تھا ۔ ان کے خلاف دیو گڑ ھ، بوکارو اور پٹنہ میں ان کی نفرت انگیز تقریروں کی بناء پر تین ایف آئی آر درج کروائے گئے ہیں ۔ بوکارو پولیس کی ایک ٹیم پہلے ہی پٹنہ پہچن چکی ہے تا کہ گری راج سنگھ کو بوکارو کی عدالت کے جاری کردہ ناقابل ضمانت وارنٹ کے پیش نظر گرفتارکرسکے ۔ کل ان کے گھر پر بھی دھاوا کیاگیا تھا لیکن وہ موجود نہیں تھے ۔