پٹنہ ۔ 22 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نریندر مودی کے ناقدین و مخالفین کو پاکستان چلے جانے کے مشورہ پر مبنی متنازعہ ریمارکس کے سبب سخت تنقیدوں کے شکار بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ کے خلاف آج تیسرا ایف آئی آر بھی درج کرلیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پٹنہ ضلع انتظامیہ کو مقررہ وقت میں نوٹس کا جواب دینے کے باوجود اُن کے خلاف یہ ایف آئی آر درج کیا گیا ہے ۔
بی جے پی لیڈر نے الزام عائد کیا کہ ضلع کلکٹریٹ کے عہدیداروں نے نوٹس پر جواب کی وصولی کا توثیق نامہ نہیں دیا اور میں عدالت سے رجوع ہوکر اپنی دفاع کروں گا ۔ گری راج سنگھ نے الزام عائد کیا کہ پٹنہ ضلع انتظامیہ جے ڈی یو کے ساتھ ساز باز کررہا ہے اور دعویٰ کیا کہ نتیش کمار حکومت کی سازش کے تحت اُن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ انھوں نے جے ڈی یو کے قومی ترجمان کے سی تیاگی پر بھی تنقید کی جو انھیں غیرضروری طورپر نشانہ بنارہے ہیں لیکن ایس پی کے لیڈر اعظم خان اور شکونی چودھری کے بیان پر خاموش ہیں جنھوں نے مودی کے صفایہ کی دھمکی دی تھی۔