گرہن ختم، روشنی بکھیرنے کا وقت شروع ہوچکا ہے : جگاریڈی

انتقامی کارروائی کے خلاف کے سی آر کو دن میں تارے دکھائیں گے : ٹی آر ایس کا منشور گمراہ کن
سنگاریڈی ۔ 17 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جگاریڈی سابق رکن اسمبلی سنگاریڈی کانگریس پارٹی نے آج صبح تا شام گنیش گڈہ تا قدیم بس اسٹانڈ سنگاریڈی زبردست بائیک ریالی اور روڈ شو کا اہتمام کیا جس میں سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔ جگاریڈی کی ریالی اور روڈ شو کا مختلف مقامات پر پُرجوش خیرمقدم کیا گیا۔ جگاریڈی سابق رکن اسمبلی سنگاریڈی نے آئی بی گیسٹ ہاؤز سنگاریڈی کے روبرو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس سربراہ کے سی آر نے پارٹی منشور کا اعلان کیا جو عوام کو گمراہ کرنے کی چال ہے۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے اعلان کردہ اسکیمات کو ہی ٹی آر ایس نے اپنے منشور میں شامل کیا ہے۔ اس میں کچھ بھی نیا نہیں ہے۔ ٹی آر ایس نے 2014ء کے منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا اور اب دوسرا منشور جاری کردیا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی برسراقتدار آئے گی اور عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کو اولین ترجیح دے گی۔ کانگریس پارٹی اپنے منشور کے ہر ایک لفظ کی تکمیل کرے گی۔ جگاریڈی نے کہا کہ وہ ایم ایل اے کی حیثیت سے کامیاب ہونے پر اندرون 6 ماہ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے 40 ہزار خاندانوں کو مفت رہائشی پلاٹس دیں گے۔ اس کے علاوہ سنگاریڈی کیلئے میڈیکل کالج کی منظوری، دو سو سیلف ہیلپ گروپس بھون کی تعمیر، حلقہ کے ہر گھر کو مانجرا سے پینے کے پانی کی سربراہی اور دیگر ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کانگریس کی زیرقیادت عظیم اتحاد میں تلگودیشم پارٹی کی شمولیت پر ٹی آر ایس کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ 2009ء میں ٹی آر ایس اور تلگودیشم پارٹی کا اتحاد جس طرح پاکیزہ تھا اسی طرح یہ اتحاد بھی پاکیزہ ہے۔ کے سی آر کو چندرا بابو نائیڈو پر نکتہ چینی کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے ریاستی وزیر کے ٹی آر پر الزام عائد کیا کہ وہ بیرون ممالک سرمایہ کاری کررہے ہیں اس لئے بیرونی دورہ زیادہ کررہے ہیں۔ تلنگانہ دینے والی عظیم ہستی سونیا گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے کے ٹی آر نے احسان فراموشی کی نئی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اقلیتوںکا احترام کیا ہے اور ان کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ مسلم نوجوانوں کو خودروزگار کیلئے قرضہ جات کی فراہمی کی سعی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے ان کو جھوٹے مقدمہ میں پھنسایا ہے اور سیاسی انتقام کے طور پر یہ کارروائی کی ہے۔ کے سی آر نے اپنی چال چل دی اب وہ سیاسی طور پر کے سی آر کو دن میں تارے دکھائیں گے۔ دنیا بھر کو اپنی روشنی سے منور کرنے والے چاند اور سورج کو بھی کبھی کبھی گرہن سے گزرنا پڑتا ہے۔ حکومت نے پولیس کا استعمال کرتے ہوئے گرہن لگانے کی کوشش کی۔ تاہم اب گرہن کا دورختم اور روشنی بکھرنے کا وقت شروع ہوگیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کو ووٹ دیکر ایک لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب کریں۔ اس موقع پر نرملاجگاریڈی، جیاریڈی، اننت کشن، جارج متھیوز، معراج خاں ہاشمی، قطب الدین، ظہیرالدین، امین الدین، علی غیاث، باری، فہیم، خواجہ پاشاہ، حبیب، صلاح الدین، خواجہ معین الدین بابا، سنیل شپرا، رحمت، شیخ ابوبکر لاری اسوسی ایشن اور دیگر قائدین اور کارکنان موجود تھے۔ شیخ صابر صدر اقلیتی سیل کانگریس پارٹی متحدہ ضلع میدک کی صدارت میں سینکڑوں اقلیتوں نے جگاریڈی کا پرجوش خیرمقدم کیا۔