محکمہ پولیس اور مجلس بلدیہ کو سرگرم ہونے کی ضرورت ۔ حادثات کو ٹالنا از حد ضروری
حیدرآباد۔28فروری(سیاست نیوز) شہر میں موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی غیر مجاز و غیر لائسنس یافتہ سوئمنگ پول دوبارہ شروع ہونے لگے ہیں جو کہ نوجوانوں کے لئے خطرہ ہیں۔ سوئمنگ پول میں تیراکی کے دوران فوت ہونے کے سابق میں کئی واقعات منظر عام پر آچکے ہیں اور محکمہ پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ان سوئمنگ پول کے مالکین کے خلاف کاروائی کے اقدامات بھی کئے جا چکے ہیں اوراب جبکہ موسم گرما عروج پر پہنچ رہا ہے تو ایسے سوئمنگ پولس کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوتا جاتا ہے اس سے پہلے کہ کوئی ناگہانی واقعہ پیش آئے محکمہ پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادکو ان غیر قانونی سوئمنگ پول کے خلاف کاروائی کرنی چاہئے جو شہریوں بالخصوص نوجوانوں کی زندگیوں کیلئے خطرہ ثابت ہو رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پرانے شہر کے علاوہ شہر کے نواحی علاقو ںمیں موجود ایسے کئی سوئمنگ پول موجود ہیں جہاں نوجوان گرمی سے راحت کیلئے رات کے اوقات میں سوئمنگ پول پہنچتے ہیں ۔ سابق میں محکمہ پولیس کی جانب سے غیر لائسنس یافتہ سوئمنگ پولس کے خلاف کاروائی کی گئی تھی لیکن اس وقت یہ کاروائی حادثات کے بعد شروع ہوئی تھی اسی لئے اب کسی حادثہ کا انتظار کئے بغیر اگر کاروائی شروع کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں غیر مجاز سوئمنگ پول کی کشادگی کو روکا جا سکتا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سوئمنگ پول چلانے کی اجازت فراہم کرنا ان کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن سوئمنگ پولس کی اجازت کے لئے تمام صیانتی امور اور تحفظ کے اصولوں کا جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔ دونوں شہروں میں چلائے جانے والے سوئمنگ پول کے متعلق جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ ان سوئمنگ پول میں تجارتی سرگرمیوں کی صورت میں مداخلت کا مکمل اختیار رکھتے ہیں اور بہت جلد ان سوئمنگ پولس کے خلاف تیز رفتار کاروائی کی جائے گی اور جن سوئمنگ پولس کو لائسنس حاصل نہیں ہے ان سوئمنگ پولس کو مہر بند کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ جی ایچ ایم سی عہدیدارو ں نے بتایا کہ جب تک سوئمنگ پول میں ماہر تیراک ہمہ وقت موجود نہیں رہتے اس وقت تک سوئمنگ پول کو لائسنس جاری کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ بلدیہ ان لوگوں کو لائسنس جاری نہیں کرسکتی جو نوجوانوں کی کھیل کود کے سرگرمیوں کے دوران تحفظ کے اصولوں سے مفاہمت کرتے ہیں اسی لئے تمام سوئمنگ پولس کی جائزہ ہوئے لائسنس جاری کئے جائیں گے۔