جیٹ ایرویز میں بم کی دھمکی کروڑپتی عاشق کیلئے مہنگی ثابت ہوئی
احمدآباد 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) محبوبہ کے ساتھ رہنے کے جنون نے ایک کروڑپتی جوہری کو جیل کی کوٹھری کو پہونچادیا۔ جب پولیس نے اس چودھری کو طیارہ کے ٹائیلٹ میں ایک بم اور اغواء کاروں کے بارے میں ایک دھمکی آمیز نوٹ رکھنے کی بنیاد پر گرفتار کرلیا۔ اس جوہری نے تفتیش کنندگان سے کہاکہ اس اُمید میں یہ سب کچھ کر گزرا کہ اس واقعہ کے بعد جٹ ایرویز اپنی پروازیں بند کردے گا اور اس کی گرل فرینڈ جو جٹ ایرویز کے دہلی آفس میں ملازمت کرتی ہے۔ دفتر بند ہوجانے کے سبب ممبئی واپس آجائے گی۔ تفصیلات کے مطابق 37 سالہ برجو کمار سلّا کو گزشتہ روز جب ایرویز کے طیارہ بوئنگ 737 کی احمدآباد ایرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کے ساتھ ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ممبئی ۔ دہلی جیٹ ایرویز طیارہ کے ٹائیلٹ میں مبینہ طور پر ایک بم اور اغواء کنندگان کے بارے میں ایک نوٹ رکھنے والے جوہری کو انسداد اغواء قانون کی سخت ترین دفعات کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے کہاکہ طیاروں کے اغواء کے انسداد سے متعلق قانون کے جولائی 2017 ء میں نفاذ کے بعد اس کے تحت یہ پہلی گرفتاری ہے۔ جس میں جرم ثابت ہونے پر زیادہ سے زیادہ زندگی بھر قید دی جاتی ہے اور اس کی جائیداد ضبط کی جاسکتی ہے۔
پولیس کے جوائنٹ کمشنر جے کے بھٹ نے کہاکہ ’’ہم نے قانون انسداد اغواء کی دفعات کے تحت اس (جوہری) کو گرفتار کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہ شخص زیورات کا کروڑپتی تاجر ہے جو اگرچہ ضلع امریلی کے ویران گاؤں کا رہنے والا ہے لیکن ممبئی کے پاش علاقہ میں اس کا فلیٹ ہے۔ وہ دراصل جیٹ ایرویز کو بند کروانے کے ارادہ سے یہ نوٹ رکھا تھا۔ اس ایرلائنس کے دہلی میں واقع آفس میں اس کی گرل فرینڈ کام کرتی ہے۔ وہ چاہتا تھا کہ دہلی کا جیٹ ایرویز دفتر بند ہوجائے اور اس کی محبوبہ کی ملازمت چھوٹ جانے کے بعد ممبئی آکر اس کے ساتھ کام کرے۔ دھمکی آمیز مکتوب اُردو اور انگریزی میں پرنٹ کیا گیا تھا جس میں طیارہ کو راست پاکستانی مقبوضہ کشمیر لیجانے کیلئے کہا گیا تھا اور مکتوب کے آخر میں اللہ اکبر لکھا گیا تھا۔ طیارہ کے ٹائلیٹ میں گزشتہ روز مکتوب کی دستیابی کے بعد اس بوئنگ 737 طیارہ نے 115 مسافرین اور سات ارکان عملہ کے ساتھ ایمرجنسی لینڈنگ کیا تھا۔